یورپ :بم کی جھوٹی دھمکیوں کی نئی لہر،27مسافر طیارے متاثر

یورپ :بم  کی  جھوٹی  دھمکیوں  کی  نئی  لہر،27مسافر  طیارے  متاثر

فرانس،بلغاریہ،سپین ،برطانیہ سمیت کئی ممالک میں پروازوں کارخ تبدیل، جنگی جہازوں کا حفاظتی حصار سفر کرنا پیچیدہ ہوگیا :مسافر،دھمکیوں کا مقصد فضائی آپریشنز میں خلل ڈالناہے :فضائی سائبر سکیورٹی کمپنی

ڈبلن، وارسا، روم (رائٹرز)یورپ بھر میں جمعرات کو بم دھماکوں کی جھوٹی دھمکیوں کی نئی لہر کے نتیجے میں کم از کم 27 مسافر طیاروں کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ آئرلینڈ سے بلغاریہ تک مختلف ممالک میں پیش آنے والے واقعات کے باعث بعض طیاروں کو ہنگامی طور پر دوسرے ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا، جبکہ کئی طیاروں کو جنگی جہازوں نے حفاظتی حصار میں لے لیا ۔رواں ہفتے یہ اس نوعیت کا دوسرا بڑا واقعہ ہے ۔ اس سے قبل منگل کو سات طیاروں اور ایک بحری جہاز کو بھی بم دھماکوں کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ تاحال کسی ملک نے ان دھمکیوں کا ذمہ دار کسی مخصوص ملک یا گروہ کو قرار نہیں دیا۔ ڈنمارک، پولینڈ اور رومانیہ سمیت متاثر ہونے والے کئی ممالک ماضی میں ماسکو پر ایسے حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگا چکے ہیں، ہوابازی کے تحفظ کے ادارے ڈائمی کے سربراہ ایرک شوٹن نے کہا کہ متاثرہ بیشتر ممالک یوکرین کے حامی ہیں، اس لیے ان واقعات کو جغرافیائی و سیاسی تناظر میں بھی دیکھنے کی ضرورت ہے ۔فرانس میں وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو کے دفتر کے مطابق ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد فرانسیسی جنگی طیاروں نے روک کر فضائیہ کے ایورے اڈے تک پہنچایا۔ حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کے پائلٹ نے متوقع طریقہ کار کے مطابق حکام سے تعاون نہیں کیا، تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔بلغاریہ کی فضائیہ نے بھی تین مسافر طیاروں کو حفاظتی حصار میں لے کر بحفاظت زمین پر اتارا۔

کوپن ہیگن اور میڈرڈ سے صوفیہ جانے والی ریان ایئر کی پروازیں معمول کے مطابق اتریں، جبکہ لندن سے آنے والی ایک پرواز کا رخ بلغاریہ کے دوسرے بڑے شہر پلوودیو کی جانب موڑ دیا گیا۔اسپین کے سول گارڈ کے مطابق میڈرڈ سے پیرس جانے والی ایئر یوروپا کی دو پروازوں اور روم و میلان سے آنے والی ایبیریا کی چار پروازوں کو بم کی دھمکیوں سے متعلق تین ای میلز موصول ہوئیں۔ یہ پیغامات 20 منٹ سے بھی کم وقت کے دوران بھیجے گئے ۔ اس کے بعد میڈرڈ ایئرپورٹ پر کئی طیاروں کی روانگی روک دی گئی یا انہیں دوبارہ پارکنگ پر واپس لایا گیا اور مسافروں کو اتار کر طیاروں کی تلاشی لی گئی۔وارسا میں پیرس جانے والی ایل او ٹی ایئرلائن کی ایک پرواز کو ٹیک آف سے قبل روک لیا گیا اور مسافروں کو دوسرے طیارے میں منتقل کردیا گیا۔ آئرلینڈ کے شہر کارک سے روانہ ہونے والی ایک پرواز بھی ایئرپورٹ کو دھمکی موصول ہونے کے بعد 90 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی ،ایک اور مسافر گیبریل فرانزیز نے کہا کہ ہر خبر پر حد سے زیادہ پریشان نہیں ہونا چاہیے ، کیونکہ زندگی اپنے معمول کے مطابق چلتی رہتی ہے ۔فضائی سائبر سکیورٹی کمپنی سائوی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ایلیران الموگ کے مطابق بم کی جھوٹی دھمکیوں کا مقصد نہ صرف پروازوں اور فضائی آپریشنز میں خلل ڈالنا ہوسکتا ہے بلکہ یہ بھی جانچنا ہوسکتا ہے کہ ایئرلائنز، ایئرپورٹس اور متعلقہ حکام ایسی صورتحال سے کس طرح نمٹتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کے مختلف شعبوں میں خلل سے معاشی نقصان ہوتا ہے اور عوام کا اعتماد بھی متاثر ہوسکتا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روم اور صوفیہ کے ہوائی اڈوں کو بھیجے گئے ای میلز پر روسی انتہائی دائیں بازو کے گروہ ’’میل اسٹیٹ‘‘ کا نام درج تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...