اے آئی کا شہنشاہ رخصت،ٹیکنالوجی کی دنیا میں زلزلہ

اے  آئی  کا  شہنشاہ  رخصت،ٹیکنالوجی  کی  دنیا  میں  زلزلہ

چینی جاسوس خاتون سے تعلقات پر ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑا،33 سالہ قیادت کا خاتمہ،ہنی ٹریپ کا شبہ، این ویڈیا میں تحقیقات شروع دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کو قیادت کے بحران کا سامنا،این ویڈیا مستقبل پر سرمایہ کار پریشان، مارکیٹ ویلیو میں 1کھرب 70 ارب ڈالر کمی حصص 13 فیصد گرگئے ،کمپنی کی باگ ڈور عارضی طور پر چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کے سپرد ،امریکی چپ پالیسی متاثر ہونیکا خدشہ

سان فرانسسکو (نیوز ایجنسیاں ) اے آئی کا شہنشاہ رخصت، ٹیکنالوجی کی دنیا میں زلزلہ،مصنوعی ذہانت کے عالمی انقلاب کی سب سے نمایاں شخصیت اور چِپ ساز کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد دنیا کی سب سے طاقتور ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک قیادت کے سنگین بحران سے دوچار ہو گئی اور عالمی اے آئی شعبے میں بھی ہلچل مچ گئی۔63 سالہ ہوانگ گزشتہ 33 برس سے این ویڈیا کی قیادت کر رہے تھے اور انہیں اس کمپنی کو ایک عام گرافکس چِپ بنانے والی کمپنی سے مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ کے مرکز میں پہنچانے کا بنیادی معمار سمجھا جاتا ہے ۔ ہوانگ کی رخصتی ایک ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب دو مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی خبروں نے کمپنی کی ساکھ کو داؤ پر لگا دیا تھا۔

اس کہانی کا سب سے سنسنی خیز پہلو ایلس ہوانگ نامی خاتون سے ان کا تعلق ہے ، جن کے بارے میں امریکی حکام کو گہرا شبہ ہے کہ ان کے روابط چینی انٹیلی جنس اداروں سے ہو سکتے ہیں۔ این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس سنگین معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر رکھا تھا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا جینسن ہوانگ کو کسی منظم غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائی (ہنی ٹریپ) کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بڑھتے ہوئے داخلی اور خارجی دباؤ کے سامنے بالآخر ہوانگ نے ہتھیار ڈال دئیے اور نہ صرف سی ای او کا عہدہ چھوڑا بلکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بھی علیحدگی اختیار کر لی۔ اب کمپنی کی باگ ڈور عارضی طور پر چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کے سپرد کر دی گئی ہے ۔جینسن ہوانگ کے استعفے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور عالمی سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ خوف و ہراس کی اس لہر میں این ویڈیا کے حصص ایک موقع پر13فیصد سے زائد گر گئے ، جس سے کمپنی کی سینکڑوں ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو پل بھر میں خطرے میں پڑ گئی۔این ویڈیا کے حصص گزشتہ ماہ ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے کے بعد اب تک اپنی ایک تہائی سے زیادہ قدر کھو چکے ہیں، جس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً ایک اعشاریہ سات ٹریلین ڈالر کی کمی ہو چکی ہے ۔

چونکہ جدید اے آئی نظام اور چیٹ جی پی ٹی جیسے پلیٹ فارمز این ویڈیا کی طاقتور چِپس کے مرہونِ منت ہیں، اس لیے اس جھٹکے کی گونج پورے ٹیکنالوجی سیکٹر میں سنائی دی اور دیگر اے آئی کمپنیوں کے حصص بھی دباؤ کا شکار ہو گئے ۔ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ این ویڈیا کے پاس فوری طور پر کوئی ایسا تربیت یافتہ جانشین موجود نہیں جو ہوانگ کی جگہ لے سکے ، جس نے اس بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے ۔ جینسن ہوانگ ہمیشہ اس بات کے پرزور حامی رہے کہ امریکی کمپنیوں کو چین میں چِپس فروخت کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ، ورنہ چین اپنی مقامی صنعت کو خود کفیل بنا لے گا۔ ان کے جانے کے بعد اب امریکی کانگریس میں موجود چین مخالف حلقوں کو مزید تقویت ملے گی اور چِپ برآمدات پر سخت ترین پابندیوں کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے ۔ مصنوعی ذہانت کی بڑی کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے استعفے اور ذاتی سکینڈل نے عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے بعد کمپنی کے حصص وال سٹریٹ کھلتے ہی 13 فیصد گر گئے ، جبکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص بھی شدید دباؤ میں آ گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...