روس کی پاکستان افغانستان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش
ماسکو(دنیا نیوز)روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔اگر اسلام آباد اور کابل دونوں درخواست کریں تو ماسکو مذاکرات کے انعقاد میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔روس پاکستان اور افغانستان کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور دونوں کے درمیان بات چیت کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے ۔ماریہ زخارووا نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے ۔ روسی ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے ۔ انہوں نے ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کے اہم پلیٹ فارمز قرار دیا۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ فراہم کردہ معلومات اپنے متعلقہ ساتھیوں تک پہنچائیں گی اور ہر کیس کا روسی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments