ماحولیاتی اداروں کی ذمہ داریاں
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ یہ وزارت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا نہیں کر رہی اور وزارت کا وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ بھی نامکمل ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق عوامی آگاہی وزارت ِ موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ہے اور اس ضمن میں ضروری اقدامات کیے جائیں تو ماحولیاتی مسائل میں بڑی حد تک کمی آ سکتی ہے۔ اس سلسلے میں فصلوں کی باقیات اور بھٹہ خشت کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصہ کے دوران کیے گئے اقدامات اور ان کے اثرات کو بطور مثال پیش کیا جاسکتا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے ہر دو اسباب کی بنیادی وجہ عدم آگاہی تھی مگر جب مؤثر اقدامات کیے گئے تو فصلوں کی باقیات کو نذر آتش کرنے کے رجحان میں خاطر خواہ کمی آئی۔تحفظ ماحولیات کے صوبائی اور وفاقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوامی آگاہی کا اہتمام کریں ۔یہ عمل جتنا مؤثر ہو گا آلودگی کا پھیلاؤ اسی قدر کم ہو گا۔ متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی تحفظ کے محکمے انتہائی اہم معاملات کیلئے ذمہ دار ہیں۔ ان محکموں کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔