اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

غیر معیاری بیج کمپنیاں

نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک میں طے شدہ معیار پر پورا نہ اترنے والی 392بیج کمپنیوں کو بند کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں زرعی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا سبب بنے گا۔ گزشتہ برسوں میں کپاس‘ گندم‘ دھان اور دیگر فصلوں کے بیجوں میں ملاوٹ اور ناقص معیار کی شکایات عام رہی ہیں۔ غیر معیاری بیج فصلوں کی کم پیداوار اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں جبکہ فصلوں کی پیداوار میں کمی سے کاشتکار شدید مالی نقصان کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے سبب انہیں قرضوں کا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے جس کے ان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ قومی سیڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا حالیہ اقدام اس مسئلے کے حل کی جانب پیشرفت ہے ‘ تاہم اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے ساتھ ساتھ ریگولیٹری اتھارٹی کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ بند ہونے والی کمپنیاں نئے ناموں سے دوبارہ رجسٹرڈ ہو کر پھر سے ملاوٹی بیجوں کی فروخت نہ کر سکیں۔ اس ضمن میں کمپنی مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے اور کوئی نئی زرعی کمپنی رجسٹرڈ کرانے پر بھی پابندی لگائی جانی چاہیے۔ ذخیرہ شدہ ملاوٹی بیجوں کو بھی اتھارٹی کے زیر نگرانی تلف کرایا جانا چاہیے۔ معیاری بیج‘ کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی سے زرعی شعبہ بہتر رخ اختیار کر سکتا ہے جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ زرعی پیداوار بھی بڑھے گی اور ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00