اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاکستان کا عالمی ورثہ

وفاقی وزرات قومی ورثہ و ثقافت کے مطابق ملک کے مزید 12 تاریخی و ثقافتی مقامات کو یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج کی ٹینٹیٹو فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ایسے پاکستانی مقامات کی تعداد 37 ہو گئی ہے جو مستقبل میں عالمی ورثے کا درجہ حاصل کرنے کیلئے زیرِ غور لائے جا سکتے ہیں۔ ٹینٹیٹو فہرست دراصل ان مقامات کی ابتدائی فہرست ہوتی ہے جنہیں کوئی ملک مستقبل میں یونیسکو کی ورلڈ ہیرٹیج لسٹ میں شامل کرانے کیلئے نامزد کرتا ہے۔ اس فہرست میں نئے شامل ہونے والے مقامات پاکستان کے تہذیبی تنوع کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں‘ جو برصغیر کی ہزاروں سال پرانی تہذیبی‘ مذہبی‘ سیاسی اور ثقافتی تاریخ کے زندہ شواہد ہیں۔

پاکستان قدرتی حسن سے لے کر قدیم تہذیبوں‘ بدھ مت کے آثار‘ اسلامی فنِ تعمیر‘ تاریخی قلعوں اور منفرد مقامی ثقافتوں تک غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے لیکن اس دولت کو ہم معاشی قوت میں تبدیل نہیں کر سکے۔ اگر تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکز میں تبدیل کیا جائے تو نہ صرف غیرملکی سیاحوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے بلکہ مقامی روزگار‘ ہوٹلنگ‘ ٹرانسپورٹ‘ دستکاری اور دیگر شعبوں میں بھی زبردست سرگرمی پیدا ہو سکتی ہے۔حکومت کو ٹینٹیٹو فہرست میں شامل مقامات کو مستقل عالمی ورثے کی فہرست تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں