بلدیاتی انتخابات، مزید تاخیر نہیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومتِ پنجاب کے درمیان صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کے درمیان کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ اتفاق ایک اور اعلان بن کر نہ رہ جائے بلکہ اسے عملاً انتخابی عمل میں تبدیل کیا جائے۔ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015ء میں ہوئے تھے اور منتخب اداروں نے 31 دسمبر 2021ء کو اپنی مدت مکمل کی تھی۔ اس کے بعد گزشتہ تقریباً پانچ برس کے دوران بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی کوششیں بار بار قانون سازی‘ حلقہ بندیوں اور انتظامی تقاضوں کی نذر ہوتی آئی ہیں۔ گزشتہ پچیس برس میں پنجاب میں صرف تین بار بلدیاتی انتخابات ہوپائے‘ اگر انتخابی تسلسل برقرار رہتا تو اس عرصے میں کم از کم چھ بلدیاتی انتخابات ہو سکتے تھے۔

اس کا سب سے بڑا نقصان عام شہریوں کو ہوا جن کے روزمرہ مسائل کے حل کیلئے مقامی سطح پر منتخب نمائندوں کا مؤثر نظام موجود نہیں۔ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نچلی مگر سب سے زیادہ عوامی سطح ہیں۔ متعدد شہری خدمات کے مسائل مقامی حکومتیں زیادہ مؤثر انداز میں حل کر سکتی ہیں۔ اب جبکہ پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان الیکشن کی مجوزہ تواریخ پر اتفاق ہو گیا ہے‘ ضروری ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرایا نہ جائے۔ حکومت کو ابھی سے تمام قانونی‘ انتظامی‘ مالی اور حلقہ بندی سے متعلق امور مکمل کر لینے چاہئیں۔ کوئی ایسا قانونی ابہام باقی نہیں رہنا چاہیے جسے عین موقع پر انتخابات کے التوا کا جواز بنایا جا سکے۔