موسیقی کا ایک لفظ نہیں آتا پھر بھی مٹی سے سونا بن گیا شاہد نزیر
بالی و ڈ میں کام کی آفر ملی ہے لیکن پاکستانی معیار ی فلم اور ڈرامے میں کام کرنے کی شدید خواہش ہے گلوکاری و اداکاری کا بچپن سے شوق تھا، سیاسی گھرانے سے تعلق ہے لیکن سیاست میں نہیں آئوں گا
لاہور (رپورٹ :طاہر بخاری )ون پائونڈ فش سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار شاہد نذیر نے کہاہے کہ انہیں موسیقی کاایک لفظ نہیں آتا ،خدا کامعجز ہ ہے کہ وہ مٹی سے سونا بن گئے ،بالی و ڈ میں کام کرنے کی آفر ہوئی تاہم پاکستانی معیار ی فلم اور ڈرامہ میں کام کرنے کی شدید خواہش ہے ، ایک میوزک ادارہ میرا بھارت سے گاناریلیزکرے گا،گلوکاری اور اداکاری کا بچپن سے ہی شوق تھا ،سیاسی گھرانے سے تعلق ہے مگر فی الحال سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں ،ملکی حالات دیکھ کربہت تکلیف ہوتی ہے ،وطن کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں ،تعلیم کا نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’دنیا فور م ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایاکہ انہیں گلوکاری اور اداکاری کا بچپن سے ہی شوق تھا اور وہ اسکول اور کالج کے زمانے میں تقاریب میں گانے گاتے ، نعتیں پڑھتے تھے اورڈراموں میں بھی حصہ لیتے تھے مگر انہیں یہ علم نہیں تھاکہ وہ کبھی باقاعدہ گلوکاربھی بن جائیں گے اور ایک گانا ان کی زندگی بدل دے گا کیونکہ جب انہوں نے گانا بنایاتوانہیں یہ توقع نہ تھی کہ وہ راتوں رات اسٹار بن جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گانے کی شاعری اورموسیقی بھی انہوں نے خود ترتیب دی ، ’’ون پائونڈ فش ‘‘برطانیہ ،جاپان اور فرانس میں لانچ ہوچکاہے جب کہ اب امریکا اوربھارت میں ریلیز ہوگا ،بھارت میں یونیورسل میوز ک نے اسے ریلیز کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ، اس گانے کو ایشا ڈکسن ،بوائے بیڑنا اور مائی لیس بی ہیویربینڈ نے بھی گایا ہے جب کہ انٹر نیٹ پر انہیں سینشن کاخطاب دیاگیا ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں بالی و ڈ میں کام کرنے کی آفرز ہوئی ہیں اور اگرانہیں ان کی مرضی کے مطابق پراجیکٹ ملا تو وہ ضرورکام کریں گےتاہم ان کی خواہش ہے وہ پاکستانی معیاری فلم یا ٹی وی ڈرامے میں کام کریں ۔شاہد نذیر نے بتایا کہ ہالی و ڈ کے سب سے بڑے ادارے وارنربرادرز نے ان کے سا تھ معاہدہ کیاہے ، وہ پہلے پاکستانی فنکارہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ پی ٹی سی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر بننے کے بعد متعدد ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ان کے ساتھ رابطے کیے ہیں اور بہت جلد مختلف کمپنیوں کے کمرشلزکی ریکارڈنگ شروع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ انہوں نے موسیقی کا ایک لفظ بھی نہیں سیکھا وہ صرف خدادادصلاحیتو ں کی بدولت گانا سن کرگالیتے ہیں یوں تو انسان سیکھنے کے مرحلے سے ہروقت گزرتا ہے وہ پاپ سنگر کے طور پر متعارف ہوئے ہیں او ر پاپ موسیقی میں کلاسیکل سیکھنے کی ضرورت نہیں اگرکہیں ضرورت پڑی تووہ کلاسیکل سیکھنے کی کوشش کریں گے ۔شاہد نذیر نے بتایاکہ ان کاتعلق سیاسی گھرانے سے ہے ان کے دادا سیٹھ محمد یاسین چیئر مین بلدیہ پتوکی،والدسیٹھ نذیر احمد وائس چیئر مین اوربھائی سیٹھ حامدنذیر ایڈووکیٹ دو بار کونسلر منتخب ہوئے تاہم فی الحا ل ان کاسیاست میں آنے کاکوئی ارادہ نہیں ان کافوکس کیرئیر کی جانب ہے۔