کینسر علاج کے دوران حنا خان میں ایک اور مرض کی تشخیص
ممبئی(شوبزڈیسک)بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان کو چھاتی کے کینسر کے علاج کے دوران میوکوسائٹس نامی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔
حنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر مداحوں کے نام جاری کی گئی پوسٹ میں میوکوسائٹس کی تشخیص ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کیموتھراپی کا ایک اور ضمنی اثر میوکوسائٹس ہے۔ اگرچہ میں اس کے علاج کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کر رہی ہوں لیکن اگر آپ میں سے کوئی اس مرض سے گزرا ہے یا کوئی اس کا مفید علاج جانتا ہے تو براہِ کرم مجھے تجویز کریں۔ اس بیماری میں کھانا پینا بہت زیادہ مشکل ہے، میں ٹھیک سے کھانا نہیں کھا پا رہی، آپ کی جانب سے تجویز کردہ علاج سے مجھے بہت مدد ملے گی۔حنا خان کی پوسٹ پر جہاں مداحوں نے اُنہیں میوکوسائٹس کا گھریلو علاج بتایا تو وہیں مداحوں کی بڑی نے اداکارہ کی مکمل صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی۔واضح رہے کہ میوکوسائٹس کو عام طور پر منہ کے زخم کہا جاتا ہے۔