ریکھا کا جیا کی دھمکی پرامیتابھ سے دوستی ختم کرنے کا انکشاف
ممبئی(شوبزڈیسک) بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور اپنے تعلقات اور پھر دوستی ختم کرنے کے بارے میں کہا کہ ایک بار جیا بچن نے مجھے ڈنر کے لیے مدعو کیا تھا،۔
مجھے اُمید نہیں تھی کہ جیا خوشی سے میرا استقبال کریں گی لیکن میں اُن کا پُرجوش استقبال دیکھ کر حیران رہ گئی تھی۔ جیا کو میری اور امیتابھ بچن کی دوستی کا علم تھا اور انہیں اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں تھا لیکن جب اُنہیں معلوم ہوا کہ امیتابھ میرے لیے اپنے دل میں جذبات رکھتے ہیں تو اس بات سے جیا کو بہت غصہ آیا تھا۔ جیا نے مجھے کھانے پر مدعو کیا اور ہم نے امیتابھ بچن کے بارے میں بات کی اور پھر جیا نے مجھے دھمکی دی کہ چاہے کچھ ہوجائے وہ امیت کو کبھی نہیں چھوڑیں گی۔ جیا کی اس دھمکی کے بعد میں نے خود ہی امیتابھ سے دوستی اور رابطہ ختم کردیا تھا اور پھر ہم دونوں کبھی ایک ساتھ سکرین پر نظر نہیں آئے ۔