موت کے بعد سدھو موسے والا کے ورلڈ میوزک ٹور کا اعلان
ممبئی(شوبز ڈیسک )آنجہانی پنجابی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو مداحوں کے دلوں میں ایک بار پھر زندہ کرنے کیلئے یادگار ہولوگرام ٹور کا اعلان کردیا گیا۔
28 سالہ گلوکار سدھو موسے والا کی 2022 میں موت کے بعد ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ اس پوسٹ میں سدھو موسے والا کے ‘عالمی ٹور’ کا اعلان کیا گیا، جسے ‘سائنڈ ٹو گاڈ’ کا نام دیا گیا ہے ۔اس پوسٹ میں ایک ویب سائٹ کا لنک بھی شامل کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ یہ ٹور ایک جدید ہولوگرام ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پیش کیا جائے گا۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ ٹور صرف ایک موسیقی کا مظاہرہ نہیں بلکہ ایک جذباتی خراج تحسین ہے جو سدھو موسے والا کے فن، آواز اور شخصیت کو ایک نئی زندگی دے گا۔