شبیر جان کی بیٹی کیساتھ ٹک ٹاک ویڈیو نے دل جیت لیے
لاہور(شوبزڈیسک)معروف اداکار شبیر جان نے اپنی بیٹی و سابقہ اداکارہ یشمیرہ جان کے ہمراہ ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کر دی،جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور صارفین کے دل بھی جیت لیے۔
شبیر جان کی اہلیہ فریدہ بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں، جبکہ ان کی بیٹی یشمیرہ جان نے بھی چند ڈراموں میں اداکاری کی، تاہم بعدازاں انہوں نے ازدواجی زندگی پر توجہ دینے کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔ حال ہی میں یشمیرہ جان نے ٹک ٹاک پر اپنے والد کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں شبیر جان نے بھی بھرپور انداز میں ساتھ دیا۔یہ دلکش ویڈیو سوشل میڈیا صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ صارفین اس ویڈیو پر محبت بھرے تبصرے کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا ہے کہ آپ جانتی ہیں کہ آپ کے والد ایک آئیکون ہیں۔ایک اور نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ ان کی اتنی خوبصورت بیٹی بھی ہیں، ایک صارف نے شبیر جان کو پسندیدہ ابّا قرار دیا۔