بالی ووڈ میں خوف کے سائے ،اداکاروں نے محافظوں کی تعداد بڑھا دی

بالی ووڈ میں خوف کے سائے ،اداکاروں نے محافظوں کی تعداد بڑھا دی

ممبئی میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائر نگ ، اداکار تشار کپور سے 6لاکھ ڈالر بھتہ طلب ، امیتابھ بچن بلٹ پروف حصار میں باہر نکلے شاہ رخ کی سالگرہ پرانکے گھر کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی،جیل میں قیدگینگسٹر لارنس بشنوئی حالیہ واقعات میں ملوث : پولیس کہا جاتا ہے کہ اگر تم سلمان کے دوست ہو تو جان سے مار دینگے :راجیو رائے ، فائرنگ کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا :بونی کپور

ممبئی (اے ایف پی) بالی ووڈ میں ایک بار پھر خوف اور عدم تحفظ کی فضا پھیلنے لگی ہے ۔ فلمی ستاروں کی گاڑیوں پر فائرنگ، بھتہ طلب کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے واقعات نے بھارتی فلم انڈسٹری کو اپنے تحفظ کے لیے بھاری اخراجات کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ اداکاروں نے ذاتی محافظوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور اب ان کے اہل خانہ، حتیٰ کہ بچوں کی سکیورٹی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان واقعات نے بالی ووڈ کو 1990ء کی دہائی کی یاد دلا دی ہے جب ممبئی کے جرائم پیشہ گروہ فلمی دنیا کے کاروبار، فلموں کی تیاری اور تقسیم تک میں مداخلت کرتے تھے ۔اے ایف پی کے مطابق بھارتی پولیس نے حالیہ واقعات کا تعلق لارنس بشنوئی کے گروہ سے جوڑا ہے ۔ لارنس بشنوئی سزا یافتہ بھارتی گینگسٹر ہے جس پر امریکی استغاثہ نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی ایک عالمی جرائم پیشہ نیٹ ورک چلا رہا ہے ۔اداکار اور سکیورٹی کمپنی کے مالک رونیت رائے نے بتایا کہ اب فلمی ستارے دونوں جانب ذاتی محافظوں کے ساتھ گھومتے نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق سکیورٹی فراہم کرنے کی خدمات کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب صرف مرکزی اداکار ہی نہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور بچوں کے لیے بھی محافظوں کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔جرائم پر تحقیق کرنے والے سابق صحافی اور مصنف ایس حسین زیدی کا کہنا ہے کہ بعض جرائم پیشہ افراد بدنام زمانہ گینگسٹرز کی شہرت سے فائدہ اٹھا کر خوف پھیلا رہے ہیں۔

ان کے بقول کچھ افراد فلمی صنعت کو ڈرانے کے لیے ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں ۔حالیہ واقعات میں اکتوبر کے دوران ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کا واقعہ اور اداکار تشار کپور سے مبینہ طور پر 6 لاکھ ڈالر بھتہ طلب کرنا شامل ہے ۔بھارتی فلمی صنعت میں پھیلنے والی بے چینی اب عوامی سطح پر بھی دکھائی دینے لگی ہے ۔ بالی ووڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنے گھر کے باہر ہر اتوار مداحوں سے ملاقات کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس بار بلٹ پروف حصار کے پیچھے سے ان کا استقبال کیا۔ اسی طرح شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ہدایت کار راجیو رائے نے کہا کہ 1990ء کی دہائی میں جرائم پیشہ گروہوں کا مقصد واضح ہوتا تھا، یعنی تاوان اور بھتہ وصول کرنا۔ لیکن اب فون کرکے کہا جاتا ہے کہ اگر تم سلمان خان کے دوست ہو تو تمہیں جان سے مار دیں گے ۔ اب سوال یہ ہے کہ اس طرز عمل کا اصل مقصد کیا ہے ؟جرائم کے واقعات پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی احمد علی کا خیال ہے کہ ان میں سے کئی واقعات محض شرارت یا جعلی دھمکی آمیز فون کالز بھی ہو سکتے ہیں، جن کے ذریعے بعض افراد بشنوئی کے پیدا کردہ خوف سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔فلم ساز بونی کپور کا خیال ہے کہ تشدد اور دھمکیوں کی یہ تازہ لہر زیادہ دیر جاری نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس صورت حال سے پہلے جیسا خوف محسوس نہیں کرتے ، لیکن احتیاط ضروری ہے اور فائرنگ کے واقعات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...