زرداری حکومت کو الیکشن موخر کرنیکی اجازت نہیں دینگے :نواز شریف
انتخابات میں عوام محب وطن قوتوں کا ساتھ دینگے ،پارٹی کارکنوں سے بات چیت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ناروے سے استفادہ کرسکتے ہیں: نارویجین سفیر سے گفتگو
لاہور ( خصوصی رپورٹر،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ زرداری حکومت کو الیکشن کسی صورت موخر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا’ عوام الیکشن میں محب وطن قوتوں کا ساتھ دینگے ۔ ن لیگ شیخوپورہ کے صدر عارف خان سندھیلہ کے مطابق گزشتہ روز پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے مزید کہاکہ ملکی ادارے زرداری دور میں کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں جبکہ کراچی میں فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے ۔علاوہ ازیں نواز شریف سے رائیونڈ میں ناروے کی سفیر سیسل لینڈزورک نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرنوازشریف نے کہا کہ ناروے کے پاکستان کے ساتھ طویل عرصہ سے اقتصادی و تجارتی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ناروے کے درمیان گورننس ، تعلیم ، صحت اور سوشل سیکٹرمیں تعاون کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ پاکستان سے ناروے کو کاٹن ، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی برآمدات میں مزید اضافہ کیا جانا چاہئے جبکہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے ناروے کی حکومت سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔نارویجین سفیر نے بتایا کہ ناروے نے پاکستان میں ٹیلی مواصلات کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کی ہے ۔ ناروے گیس کے شعبے میں دنیا کا تیسرا ، آئل کے شعبے میں پانچواں اور ہائیڈرو پاور کے میدان میں چھٹا بڑا برآمد کنندہ ہے ۔ ناروے اور پاکستان کے درمیان گیس ، آئل اور ہائیڈروپاور کے منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔دریں اثناء نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ن لیگ فیصل آباد کے رہنماؤں چوہدری عاصم نذیر ، چوہدری زاہد نذیر اوربرطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔