میٹھا در پولیس کا القاعدہ کے دو ارکان گرفتار کرنے کا دعویٰ
عثمان اور قاسم مقابلے کے بعد پکڑے گئے،3 ساتھی فرار،اسلحہ،دستی بم برآمد کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن،درجنوں ملزمان گرفتار کرلیے گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں میٹھادر پولیس نے القاعدہ کے دو ارکان گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریلوے کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان محمد عثمان ولد نور محمد اور محمد اعظم قاسمی ولد محمد قاسم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا ، ایس ایچ او طارق بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور دو دستی بم برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کے دیگر تین ساتھی ریاض عرف راجا ، طلعت اور فرخ موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مذکورہ گرفتار ملزمان کراچی میں کوئی بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ ڈی ایس پی میٹھا در زاہد حسین کے مطابق ملزم اعظم قاسمی نیوکراچی میں قائم جامع اسلامیہ مسجد کا صدر ہےاور تین ماہ سے کراچی سے غائب تھا ،یہ کراچی میں القاعدہ کا سیٹ اپ چلارہاتھا جبکہ ملزم عثمان کالعدم جیش محمد کا کارندہ ہے ،اس نے ہی القاعدہ کے ایک رہنما معید الاسلام کو گلستان جوہر میں ٹھہرایا ہوا تھا جبکہ ایس ایچ او طارق بیگ کے مطابق ملزمان کا القاعدہ سے تعلق نہیں ہے۔دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران 82ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،دستی بم اور منشیات برآمد کرلی ہے ۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں گلشن مزدور، شرافی گوٹھ، اورنگی ٹائون ، معین آباد ، رابعہ سٹی ، الفلاح روڈ، لیاری اور لانڈھی 89 میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 15 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس ترجمان کے مطابق کراچی پولیس نے 24گھنٹے کے دوران چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 67 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے15 ٹی ٹی پستول ،2دستی بم اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دریں اثنا بریگیڈ تھانے کے ایس ایچ او غلام نبی آفریدی نے لائنز ایریا میں چھاپہ مار کر ملزم اسرار ولد شرافت کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی ساس فہمیدہ بی بی کو قتل اور اہلیہ روشن بی بی کو زخمی کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا ۔پاک کالونی پولیس نے میوہ شاہ قبرستان سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم زاہد بلوچ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ایک 9ایم ایم پستول اور35گولیاں برآمد کرلیں،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم لیاری گینگ وار کا اہم کارندہ ہے اور پولیس کو قتل اقدام قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا ۔