پنجاب کی جیلوں میں بھارتیوں اورامریکیوں سمیت 617غیرملکی قید
37بھارتی قیدیوں میں زیادہ ترجاسوس ہیں ،تخریب کاری کیلئے سرحد پار کرکے آئے کئی خواتین سمگلنگ کے جرم میں سزاکاٹ رہیں ، 466افغانی بھی جیلوں میں
لاہور(مدثر حسین سے )پنجاب کی جیلوں میں تخریب کاری میں ملوث بھارتی جاسوسوں ، دہشتگردوں اور سنگین جرائم کرنیوالے مجرموں سمیت 617غیر ملکی قید ہیں ، ان غیرملکیوں میں 37بھارتی جبکہ قومی ایکشن پلان کے تحت 466افغانی بھی قیدہیں جن میں سو کے قریب مشتبہ افراد ہیں ۔ 37بھارتی قیدیوں میں زیادہ تر جاسوس ہیں جو باقاعدہ ٹریننگ لیکر تخریب کاری کے لیے سرحد پار کرکے آئے اوران کی رہائی کے لیے بھارتی حکومت وقتاً فوقتاً کوشش کرتی رہتی ہے جبکہ عالمی برادری کے ذریعے بھی دباؤ ڈالا جاتا ہے اور کبھی پاکستان کی سرحدوں پر گولہ باری شروع کر دی جاتی ہے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈال کر ان خطرناک مجرموں کو رہا کروا یا جا سکے ، ان خطرناک قیدیوں میں کرپال سنگھ بھی شامل ہے جبکہ کچھ غیر ملکی خواتین بھی قیدہیں جو زیادہ تر سمگلنگ کے جرم میں سزاکاٹ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق سو مشتبہ افغان باشندے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ دیگر افغانی شناختی کوائف نامکمل ہونے پر قیدہیں ۔روزنامہ دنیا کو موصول دستاویزات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں سب سے زیادہ 37انڈین قیدی بند ہیں دوسرے نمبر پر نائجیریا کے 33 ، برطانیہ اورتنزانیہ کے 14 ،14 ، بنگلہ دیش کے 10 ، زمبابوے کے 8 اور امریکہ کے 5 قیدی شامل ہیں ۔ 617غیرملکی قید