شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، ڈی جی رینجرز سندھ
دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جیکب آباد دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ، علامہ مقصود ڈومکی سے گفتگو
جیکب آباد (آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، سندھ کو امن کا گہوراہ بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں، جیکب آباد میں ہونے والے بم دھماکے کے ملزمان کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء و چیئرمین شہداء کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور سانحہ جیکب آباد کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد سمیت سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مل کر کام کریں گے ۔ علامہ مقصود ڈومکی نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے علاقے چھلگری و سندھ کے علاقے جیکب آباد میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث عناصر کو جلد ازجلد گرفتار کر کے لواحقین کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔