طالبہ کی خود کشی پر انتظامیہ بے حس، لواحقین کا دھرنا رنگ لے آیا

طالبہ کی خود کشی پر انتظامیہ بے حس، لواحقین کا دھرنا رنگ لے آیا

بلوچستان ہائیکورٹ نے سیکریٹریز ہوم و تعلیم ، آئی جی، ڈی سی قلعہ سیف اللہ کو طلب کر لیا

مسلم باغ (دنیا نیوز) مسلم باغ کی طالبہ ثاقبہ کی خودکشی کے معاملے پر انتظامیہ تو بے حسی کی تصویر بنی رہی مگر لواحقین کا بلوچستان ہائی کورٹ کے سامنے احتجاج اور دھرنا رنگ لے آیا ۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ 12 فروری کو تعلیم کے لیے زندگی کا چراغ گل کرنے والی سترہ سالہ ثاقبہ کے لیے انصاف کا تقاضا کرنے اور در در کے ٹھوکریں کھانے والے لواحقین کی دعا ئیں رنگ لے آئیں۔ درخواست منظور کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ نے ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس ، سیکرٹری تعلیم ، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ اور ڈی پی اوکو نوٹسز جاری کئے اور انہیں عدالت میں طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت کل ہو گی، درخواست کی منظوری کے بعد لواحقین نے دنیا نیوز کا شکریہ ادا کیا، جو ہر پل لواحقین کے مسائل سامنے لاتا رہا اور انتظامیہ کی غفلت کو بھی اجاگر کیا۔ ثاقبہ کے والد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا گیا تو 29 فروری کو وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں