NA125:پی ٹی آئی کو ووٹ تصدیق کیلئے 1ماہ میں رقم جمع کرانیکاحکم

NA125:پی ٹی آئی کو ووٹ تصدیق کیلئے 1ماہ میں رقم جمع کرانیکاحکم

رقم جمع نہ کرا ئی گئی تو ووٹوں کی تصدیق کا حکم واپس لے لیا جا ئے گا ،سپریم کورٹ الیکشن کمیشن اخراجات برداشت کرے ،حامدخان،پہلے اعتراض اٹھاناتھا،چیف جسٹس

اسلام آباد( سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے این اے 125لاہور کے ووٹوں کی تصدیق کے اخراجات جمع کرانے کیلئے تحریک انصاف کو ایک ماہ کی مہلت دیدی اور قرار دیا کہ اگر درخواست گزار کی جانب سے رقم جمع نہ کرا ئی گئی تو اس صورت میں اصل اپیل کی سماعت کی جائیگی ۔ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ حا مد خان سے کہا عدالت نے ووٹوں کی تصدیق کا حکم آپ کی رضامندی سے جاری کیا تھا آپ اخراجات نہیں دینگے تو ووٹوں کی تصدیق کا حکم واپس لے لیا جائیگا۔چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حلقہ این اے 125 لاہور کے ووٹوں کی دوبارہ تصدیق کے اخراجات اٹھانے کیخلاف تحریک انصاف کے حامد خان کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت ایڈووکیٹ حامد خان نے عدالت کو بتایا کہ و وٹوں کی تصدیق کیلئے درکار رقم بہت زیادہ ہے جمع نہیں کرا سکتا، نادرا ٹرانسپورٹیشن کے لیے 2 لاکھ اور فی ووٹ تصدیق کے لیے 10 روپے مانگ رہا ہے ،یہ اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا ،الیکشن کمیشن سرکاری ادارہ ہے وہ یہ اخراجات برداشت کرے جس پرچیف جسٹس نے کہا اگر آپ کو اس معاملہ پر اعتراض تھا تو اس وقت اٹھاتے جب ہم نے آرڈر لکھوایاتھا ۔بعد ازاں عدالت نے اخراجات سے متعلق مقدمہ نمٹا تے ہوئے تحریک انصاف کے حامد خان کو رقم جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیدی ۔عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں اصل اپیل سنی جائیگی اور عدالت فیصلہ سنائیگی ۔دنیانیوزکے مطابق چیف جسٹس نے کہارقم جمع نہ کرائی گئی تو ووٹوں کے فرانزک ٹیسٹ کا حکم خود بخود منسوخ ہوجائیگا اور سعد رفیق کی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کرکے مناسب فیصلہ سنائیں گے ،چیف جسٹس نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں