عمر رسیدہ وزیر اعلیٰ ،قائم علی شاہ نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا
2008میںتاریخ 1927،2013 میں1933،اب ویب سائٹ سے کالم غائب
لاہور(دنیا نیوز)دنیا کے عمر رسیدہ وزیر اعلیٰ، قائم علی شاہ نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔اس حوالے سے سندھ اسمبلی کی ویب سائٹ سے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی عمر کا کالم ختم کردیا گیا ہے سندھ اسمبلی کے اراکین کی پروفائلز میں ان کی تاریخ پیدائش موجود ہے لیکن وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی تاریخ پیدائش کا کالم ہی نہیں ہے ۔ سید قائم علی شاہ 2008 میں جب وزیر اعلیٰ بنے تو سندھ اسمبلی کی ویب سائٹ پر ان کی تاریخ پیدائش اکتوبر 1927درج تھی۔2013 میں وزیر اعلیٰ ہائوس کی ویب سائٹ پر ان کی تاریخ پیدائش 1933 ہو گئی یعنی پانچ سال میں 6سال عمر کم ہو گئی اور اب صوبائی اسمبلی کی ویب سائٹ سے عمر کا کالم ہی ہٹا دیا گیا ہے ۔اصل عمر کے مطابق قائم علی شاہ نے مشرقی پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کی طویل العمری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جن کی تاریخ پیدائش 8دسمبر 1927 ہے یعنی وہ 88سال کے ہیں اور سید قائم علی شاہ کی عمر تقریباً 89سال ہے اور قائم علی شاہ کہتے ہیں کہ وہ اب بھی فعال ہیں اور بھارت کے عمر رسیدہ سیاستدانوں سے زیادہ کارکردگی دکھا رہے ہیں اور وہ جتنا کام کرتے ہیں 10آدمی بھی نہیں کرسکتے ۔دنیا میں اس وقت زمبابوے کے رابرٹ موگابے ہیں جن کی عمر 92سال ہے وہ سربراہ مملکت ہیں ۔ملکہ الزبتھ کی عمر بھی تقریباً 90سال ہے ان کا مرتبہ اور کام علامتی ہے ، قائم علی شاہ دنیا کے عمر رسیدہ وزیر اعلیٰ ہیں ۔طویل العمری کی وجہ سے ان کی زبان بھی پھسل جاتی ہے اور وہ خود بھی پھسل جاتے ہیں جس کی وجہ سے میڈیا میں ہیڈ لائنز بن جاتی ہیں اور ان کی طویل العمری کی قیمت کراچی ادا کر رہا ہے ۔