سچل سرمستؒ نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا، وزیراعلیٰ سندھ

سچل سرمستؒ نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا، وزیراعلیٰ سندھ

عظیم صوفی بزرگ کی تعلیمات پر عمل کر کے تفرقہ بازی ختم کی جا سکتی ہے ، قائم علی شاہ

ہفت زبان شاعر کے 195 ویں عرس کا افتتاح ، مزار کیلئے پونے 8 کروڑ کی اسکیم کا سنگ بنیاد خیر پور (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت سچل سرمستؒ نے اپنی شاعری میں انسانیت کی خدمت کا درس دیا، سچل سرمست بین الاقوامی سطح کے آفاقی شاعر اور معاشرے کے لیے عظیم صوفی بزرگ تھے ،آپ دنیا کے پہلے ہفت زبان شاعر تھے ، جنہوں نے اپنی شاعری میں امن اور پیارو محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے ، سچل سرمست کی تعلیمات پر عمل کر کے اور صوفی ازم کی راہ پرچلنے سے ملک میں تفرقہ بازی، مذہبی جھگڑے اور انارکی کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت سچل سرمست کے 195 ویں عرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار کی بحالی اور دیگر تعمیرات کے لیے 77.650 ملین( 7 کروڑ 76 لاکھ 50 ہزار) روپے کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ نے کہا تھا کہ جو دیگ انہوں نے پکائی ہے اس کا ڈھکن سچل سرمستؒ اتاریں گے ، دنیا بھر میں آج صوفی بزرگ اور اولیاء اللہ کو یاد کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1959 میں حضرت سچل سرمستؒ کے عرس کو منانے کے لیے ہادی بخش لاڑک کے ساتھ انہوں نے سچل یادگار کمیٹی بنائی تھی، سچل سرمست کے عرس کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہے ، دنیا بھر سے معتقدین آتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں