آج یوم اقبال:سندھ ،بلوچستان،پختونخواکے اسکولوں میں تعطیل

 آج یوم اقبال:سندھ ،بلوچستان،پختونخواکے اسکولوں میں تعطیل

وفاق اور پنجاب میں چھٹی نہیں ،جعلی نوٹیفکیشن کا معاملہ سا ئبر کرائم سیل کے حوالے

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی) مفکر پاکستان علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر آج وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے ، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے تعطیل کا اعلان کر دیا، اس حوالے سے صدر پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک افضل بابر کا کہنا تھا کہ 9 نومبر یوم اقبال کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل ہو گی ۔ دوسری جانب سرکاری تعلیمی اداروں میں وفاقی حکومت کی جانب سے تعطیل کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ یوم اقبال کی چھٹی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ڈپٹی سیکریٹری وزارت داخلہ کی ایک جعلی پریس ریلیز گردش کرتی رہی جس کی بعد ازاں وزارت داخلہ کی طرف سے تردید کی گئی۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 9 نومبر کو چھٹی کے حوالے سے جعلی نوٹیفکیشن کے اجرا کا معاملہ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کے حوالے کر دیا گیا ۔پنجاب حکومت کی جانب سے علامہ اقبال ڈے پرچھٹی کو منسوخ کر دیا گیا،صوبائی دارالحکومت میں تمام سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔اسکولز ،کالجز اور یونیورسٹیز میں ہونے والے امتحانات بھی شیڈول کے مطابق ہونگے ۔ادھر سندھ،بلوچستان اور کے پی کے حکومتوں نے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا ، محکمہ تعلیم سندھ نے یوم اقبال کی مناسبت سے 9 نومبر کو تعطیل کا اعلان کیا جس کا اطلاق تمام نجی، نیم سرکاری اور سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹرمعظم علی خان کے اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی میں آج 9نومبرکوبسلسلہ یوم اقبال تعطیل رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں