کوٹ مومن گردہ فروشی کی منڈی،10لاکھ تک ریٹ مقرر
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تحصیل کوٹ مومن میں گردوں کی خرید و فروخت کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا
بھلوال (نمائندہ دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تحصیل کوٹ مومن میں گردوں کی خرید و فروخت کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ راولپنڈی اور دیگر اضلاع میں گردوں کی خرید و فروخت کا معاملہ عرصہ دراز سے چلا آرہا ہے جبکہ خطے میں سب سے زیادہ گردے فروخت کرنیوالوں کی تعداد تحصیل کوٹ مومن میں پائی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی نشریاتی اداروں پر گردہ فروشی کی رپورٹ چلنے کے باوجود اس دھندے کیخلاف خاطر خواہ ایکشن نہیں لیا گیا۔ رپورٹ چلنے کے بعد کوٹ مومن میں گردے کے ریٹ بڑھا دیئے گئے ہیں ۔لوگ گردے خریدنے کیلئے کوٹ مومن آتے ہیں ۔ ایک صحت مند انسان کا گردہ ڈیڑھ لاکھ سے دو لاکھ روپے میں خرید لیا جاتا ہے جبکہ مڈل مین یہ گردہ 5 لاکھ سے 10 لاکھ میں فروخت کرتا ہے ۔ گزشتہ دنوں بھی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے گردے نکالنے والا گروہ پکڑا ، جس نے انکشاف کیا کہ گردے فروخت کرنیوالوں کا تعلق کوٹ مومن سے ہے ، جس پر حکومت پنجاب نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تحقیقا ت کی ہدایت کی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی گردے خریدنے اور فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔