حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے765ویں عرس کا افتتاح
گورنر سندھ محمد زبیر، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو اور دیگر رہنماوں کی شرکت سیہون شریف میںشدیدگرمی سے4زائرین جاں بحق،متعدد کی حالت خراب
سیہون شریف (صباح نیوز)حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 765 ویں عرس کا افتتاح کردیا گیا،سندھ کے گورنر محمد زبیر نے اس حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ نہ صرف سندھ بلکہ برصغیر کے لوگوں کے لیے حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کی گراں قدر خدمات ہیں ۔ آپ کا مزار تمام انسانیت کے لیے محبت اور بھائی چارے کی نشانی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 765 ویں عرس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی گڑبڑ پھیلانے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جن سے ہم مطمئن ہیں۔ قبل ازیں گورنر سندھ محمد زبیر، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید غلام شاہ جیلانی، ڈویژنل کمشنر حیدر آباد سعید احمد منگیجو اور ڈپٹی کمشنر جامشورو منور علی مہیسر نے درگاہ پر چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔ سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر زائرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ گرمی اور حبس کے باعث چار زائرین جاں بحق ہوگئے ۔ تین کی شناخت ہو گئی۔ ایدھی ذرائع نے بتایا کہ ایک زائر کو سپرد خاک کردیا گیا ہے ۔ اس کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ ایس ایس پی تنویر عالم اوڈھو نے بتایا کہ پولیس نے درگاہ کے عَلم والے گیٹ سے تلاشی دیئے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ دونوں پنجاب پولیس کے اہلکار ہیں اور ان کا تعلق ملتان سے ہے ۔ عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے زائرین آئے ہیں۔ زائرین کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردوں سے خوفزدہ نہیں ۔ عرس کی تقریبات تین دن جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔