تحریک پاکستان کی عظیم کارکن فاطمہ صغریٰ انتقال کرگئیں
سول سیکرٹریٹ سے برطانوی جھنڈا اتار کر مسلم لیگ کا پرچم لہرایا تھا عمر86سال ‘ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘پرائڈ آف پرفارمنس ملا
لاہور(سیاسی نمائندہ )تحریک پاکستان کی عظیم کارکن فاطمہ صغریٰ انتقال کرگئیں،فاطمہ صغریٰ نے 1947 میں سول سیکرٹریٹ سے برطانوی جھنڈا اتار کر مسلم لیگ کا پرچم لہرانے کاعظیم کارنامہ سرانجام دیا۔ تفصیل کے مطابق تحریک پاکستان کی نامور کارکن فاطمہ صغری ٰاچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث گزشتہ روز 86سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔مرحومہ کی نمازجنازہ جوہر ٹاؤن میں انکی رہائش گاہ پر ادا کی گئی جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ بعد ازاں انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔مرحومہ کی آخری رسومات میں عزیز و اقارب، سیاسی و سماجی سمیت اہم شخصیات اور پاکستان نیوی کے دستے نے خصوصی شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا محترمہ فاطمہ صغریٰ تحریک پاکستان کا ایک روشن ستارہ تھیں جنہوں نے 14سال کی عمر میں سول سیکرٹریٹ سے برطانوی جھنڈا(یونین جیک ) اتار کر تحریک پاکستان میں جان ڈالی۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا ٖفاطمہ صغریٰ کا تحریک پاکستا ن میں کردار آ ج کی طالبات کے لئے ایک مثال سے کم نہیں ۔1947میں سول سیکرٹریٹ سے برطانیہ کا پر چم اتار کر مسلم لیگ کا جھنڈا نصب کرنے کے کارنامے پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔مرحومہ نے دو بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑ یں ۔ فاطمہ صغریٰ انتقال