جسٹس امیر ہانی کا ٹھل واٹر سپلائی اور شکار پور سول اسپتال کا دورہ
واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)امیر ہانی مسلم نے ٹھل واٹر سپلائی اور شکار پور سول اسپتال کا دورہ کیا
شکار پور،ٹھل (نمائندگان دنیا) انہوں نے سیوریج کا پانی چھوڑنے پر سی ایم او ٹھل پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے قبضے ختم کرانے کا حکم دیا۔ سربراہ واٹر کمیشن نے صفائی ،پانی کی نکاسی اور کچرا جلانے والی مشین کا بھی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)امیرہانی مسلم نے ٹھل کی واٹر سپلائی اسکیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد،سیکریٹری ایری گیشن،پبلک ہیلتھ کی افسران اور سی ایم او میونسپل کمیٹی ٹھل و دیگر کوطلب کرکے سخت ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ 32کروڑ جاری کرنے کے باوجود ٹھل کے شہریوں کو میٹھا پانی کیوں نہیں فراہم کیا گیا۔ جون تک اسکیم کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرجیکب آباد کوپندرہ دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ انہوں نے سونواہ اور موسیٰ اللہ آباد میں سیوریج کا پانی چھوڑنے پر سی ایم او ٹھل پر برہمی کااظہارکیااور حکم جاری کیا کہ سیوریج کا پانی فوری طور پر بند کیاجائے ، جب کہ ڈرینیج کے کنویں سے قبضہ ختم کرانے کے لیے سیشن جج سے تعاون طلب کریں۔ علاوہ ازیں جسٹس(ر)امیر ہانی مسلم نے شکارپور سول اسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسپتال میں صفائی ،پانی کی نکاسی کے نظام، اور کچرا جلانے والی مشین کا بھی معائنہ کیا ۔ جسٹس(ر) امیر ہانی مسلم نے سول اسپتال شکارپو ر میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال پر ایم ایس ڈاکٹر خورشید قاضی سے پوچھاکہ اسپتال میں صفائی کا نظا م ناقص کیوں ہے اور کچرا جلانے والی مشین بھی خراب ہے ، جس پر ایم ایس ، جسٹس(ر) امیر ہانی کو مطمئن نہیں کرسکے ۔