داتا دربار پر لکھے کلمے کا زمین پر پڑنے والا عکس ختم، رپورٹ ہائیکورٹ جمع
حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا صاحب کے دربار پر لکھے کلمے کا عکس زمین پر پڑنے سے ہونیوالی بے حرمتی کیخلاف دائر درخواست پر ایڈووکیٹ
لاہور(خبرنگارسے )حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا صاحب کے دربار پر لکھے کلمے کا عکس زمین پر پڑنے سے ہونیوالی بے حرمتی کیخلاف دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرا دی،جس میں کہا گیا ہے کہ مزار پر کلمے کا زمین پر پڑنے والا عکس ختم کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی،جس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ اوقاف کو فریق بنایا گیا تھا ۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا تھا کہ داتا دربار میں لکھے گئے کلمے کو روشنیوں سے ظاہر کیا گیا ہے ،کلمے پر روشنی پڑنے سے فرش پر بننے والے عکس سے بے حرمتی ہو رہی ہے ۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے پر درخواست نمٹا تے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو اگر شکایت ہو تو دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے