پی ٹی آئی حکومت کا ایک سال،پٹرول 25روپے لٹرمہنگاہوا
پٹرولیم قیمتوں میں 6باراضافہ، 4بارکمی،2بارنرخوں کوبرقراررکھاگیا
اسلام آباد(سید ظفرہاشمی)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے اقتدار کے پہلے سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6مرتبہ اضافہ اور 4مرتبہ کمی کی جبکہ 2 مرتبہ قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔موجودہ حکومت اگست 2018میں برسراقتدار آئی تو اپنے پہلے مہینے کے دوران یعنی ستمبر2018کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ۔ یکم اکتوبر2018کو قیمتوں میں کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں کیاگیااور ستمبرکی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔یکم نومبر2018کو پہلی مرتبہ حکومت نے قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا اور پٹرول کی قیمت میں 5روپے ، ہائی سپیڈل کی قیمت میں 6روپے 37پیسے ، لائٹ ڈیزل میں 6 روپے 48 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔اس کے بعددسمبر2018کیلئے قیمتوں میں ایک بارپھر کمی کا اعلان کیاگیا، پٹرول اورڈیزل 2،2 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیاگیا۔یکم جنوری2019کو بھی حکومت کی جانب سے عوام کوپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری دی گئی اورپٹرول 4روپے 86پیسے ،ڈیزل 4روپے 26پیسے اورمٹی کا تیل 52پیسے فی لٹرسستا کیاگیا۔یکم فروری 2019کوبھی قیمتوں میں کمی کی گئی، اس باریہ کمی صرف چند پیسوں تک محدود رہی مگرمارچ کے مہینے سے پٹرولیم کی قیمتوںمیں اضافے کی جوروایت پڑی اس نے عوام پرمہنگائی کے بوجھ کو اتنا بڑھایا کہ ان کی چیخیں نکل گئیں۔یکم مارچ کوپٹرول کی قیمت میں اڑھائی روپے ،ڈیزل کی قیمت میں پونے 5 روپے اورمٹی کے تیل کی قیمت میں 4روپے فی لٹراضافے کااعلان کیاگیا۔یکم اپریل کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 6روپے فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹرکااضافہ کیاگیا ،اس اضافے سے عوام پرمہنگائی کا بوجھ بڑھا لیکن حکومت کو تسلی نہیں ہوئی اور 2مئی 2019کوپٹرول کی قیمت میں تاریخی اضافہ کیاجو 9روپے 11پیسے فی لٹرپر مشتمل تھا، البتہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو4روپے 46پیسے فی لٹر تک محدود رکھا گیا، اس بار یہ اضافہ ای سی سی کے ذریعے کرایاگیا، یکم جون کوبھی قیمتوں میں اضافے کی روایت برقرار رہی تاہم جولائی کے مہینے میں قیمتوں کو برقراررکھا گیا۔ اب اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ موجودہ حکومت جب اگست 2018 میں برسراقتدار آئی تھی تو پٹرول کی قیمت 92 روپے 83 پیسے تھی جو بڑھ کر اب 117 روپے 83 پیسے ہوگئی ہے ۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 106 روپے 94 پیسے سے بڑھ کر 132 روپے 47 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 84 روپے سے بڑھ کر 103.84 فی لٹر ہوگئی ہے ۔