ٹماٹر کی مہنگائی , عوام کی دہائی , سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ
لاہور کی منڈی میں ٹماٹر 180 دکانوں پر 250 روپے کلو بکا، پیاز100،لہسن380،ادرک470،آلو 80 روپے کلو ہوگیا سبز مرچ ، کریلے 30 ، مونگرے ، گھیا توری 20 روپے کلو مہنگے،سرکاری نرخوں پر سبزیاں کسی علاقے میں دستیاب نہیں
لاہور،کراچی(کامرس رپورٹر سے ،اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز،سٹاف رپورٹر)لاہور سمیت ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت مسلسل بے لگام ہے ، پیر کے روز ٹماٹر 250 روپے کلو تک فروخت ہوا ۔لاہور کی تھوک منڈی میں ٹماٹر 180 جبکہ عام دکانوں پر 250 روپے کلو تک فروخت ہوا ،ٹماٹر کی مہنگائی پر عوام دہائی دیتے ہوئے سر پکڑ کر بیٹھ گئے ،عوام ٹماٹر کے بجائے دہی کا استعمال کرنے لگے جبکہ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹماٹر کی قیمت گزشتہ پیر 150روپے فی کلو تھی جو رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 100روپے بڑھ کر250روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔لاہور میں گزشتہ روز انتظامیہ نے ٹماٹر کا پرچون دکان پر سرکاری ریٹ 175 روپے کلو جاری کیا جبکہ متوسط طبقے کی مارکیٹوں میں ٹماٹر 50 روپے پاؤ اور 200 روپے کلو فروخت ہوا جبکہ زیادہ آمدنی والے علاقوں کی دکانوں پر ٹماٹر 240 سے 250 روپے فی کلو تک بیچا گیا۔ ایک ہفتے میں سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔پیاز ،لہسن ، ادرک اور سبز مرچ کی قیمتوں میں 100 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد لاہور کی چاروں سبز ی منڈیوں میں نہ ہونے کے باعث پرچون فروش بھی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے لگے ہیں ۔ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹوں میں ٹماٹر کی قیمت جو گزشتہ ہفتے سرکاری نرخوں میں 130روپے مقرر تھی گزشتہ روز بڑھ کر175روپے فی کلو مقرر، 45روپے فی کلو تک اضافہ کیا گیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں 100 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ٹماٹر کی قیمت گزشتہ پیر 150روپے فی کلو تھی جو رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 100روپے بڑھ کر250روپے فی کلو تک پہنچ گئی ۔ جبکہ پیاز کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے جو 80روپے سے بڑھ کر100روپے فی کلو ہوگئی ۔ لہسن کی قیمت 280روپے سے بڑھ کر380 روپے جبکہ ادرک کی قیمت400روپے سے بڑھ کر470روپے فی کلو ہوچکی ہے ۔ سبز مرچ جو گزشتہ ہفتے سبزی فروش 150روپے کلو فروخت کررہے تھے رواں ہفتے 180روپے کلو تک فروخت ہونے لگی ۔ بینگن 60 روپے سے بڑھ کر70روپے ، کریلے 80 روپے سے بڑھ کر 110روپے ، آلو 60 روپے سے بڑھ کر 80 روپے فی کلو ہوگیا ۔ مونگرے 110 روپے سے بڑھ کر 130 روپے ، گھیا توری 80 سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو ہوچکی ۔ شہر کے پوش علاقوں میں ٹماٹر تین سو روپے فی کلو تک جبکہ ادرک 600، لہسن450روپے اور پیاز125روپے فی کلو تک بھی فروخت ہوئے ۔ مارکیٹ کمیٹی سبز ی منڈی کی جانب سے سبز مصالحوں اور موسمی سبزیوں کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر مقرر کئے جاتے ہیں لیکن سرکار کے مقرر کردہ نرخوں پر سبزیاں کسی علاقے میں دستیاب نہیں ۔ادھر بادامی باغ، کاچھا ، ملتان روڈ اور سنگھ پورہ منڈی میں فارمرز مارکیٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ ڈی سی نے کہا ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے کمی ہوئی اور 175 روپے کلو فروخت ہو ا۔ زرعی ماہر اختر میو کے مطابق اگر ٹماٹر کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرنی ہے تو پھر حکومت کو ٹنل فارمنگ کے لئے کاشتکاروں کو سبسڈی دینی چاہئے تاکہ ٹماٹر کی پیداوار بڑھے اور قیمتوں میں استحکام رہے ۔کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہو گئیں، تین روز میں ٹماٹر 70 روپے اضافے سے 250 روپے کلو ہو گئے ۔کراچی سبزی منڈی ایسو سی ایشن کے صدر شاہ جہان کا کہنا ہے ایران سے ٹماٹر کی سپلائی بند ، بلوچستان کی پیداوار کا ختم ہو جانا اور سندھ میں ٹماٹر کی فصل میں تاخیر کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔بدین کی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے ۔فیصل آباد میں ٹماٹر240 اور آلو80 روپے ملتان میں ٹماٹر 250روپے اور آلو 80 روپے میں فروخت ہورہا ہے ۔ پشاورمیں ٹماٹر 180 روپے ، مارکیٹ میں آلو 100 روپے ، پیاز 90 روپے فی کلو فروخت ہوا۔اسی طرح کوئٹہ میں بھی ٹماٹرکی قیمت میں ایک دن میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا اور فی کلو ٹماٹر کی قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ۔ 2017 میں بھی درآمدی ٹماٹر پر انحصار کم کرنے کی پالیسی سے ٹماٹر عام دکانوں پر 300 روپے کلو تک پہنچا تھا اور اس مرتبہ 250 پر برقرار ہے ۔