راجن پور:سابق ایم پی اے عاطف مزاری بیٹے کے ہاتھوں قتل
رشتے کے تنازع پر بیٹے نے فائرنگ کی ،گولی اچانک چلی،ڈی ایس پی روجھان
راجن پور،ڈیرہ غازی خان (نمائندہ دنیا،ڈسٹر کٹ رپورٹر)ن لیگ کے رہنما اور پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکرٹری سردار عاطف خان مزاری رشتہ کے تنازع پر بیٹے کے ہاتھوں قتل ۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے سردارعاطف خان مزاری پر بیٹے نے رشتہ کے تنازع پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جنہیں فوری راجن پورہسپتال منتقل کیا گیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے سے وہ جانبر نہ ہوسکے ، ذرائع کے مطابق باپ بیٹے میں کافی دنوں سے چپقلش چل رہی تھی جو آج شدت اختیا رکرگئی،واقعہ پر پورا علاقہ سوگ کے عالم میں ہے ۔علاوہ ازیں ڈی ایس پی روجھان ثنااللہ کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق عاطف مزاری کے بیٹے سے اچانک گولی چل گئی اور عاطف مزاریزد میں آگئے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے پوسٹمارٹم کے لیے لاش ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کردی گئی۔ آج نماز جنازہ پر مسلم لیگ ن اور دیگر شخصیات کی آمد متوقع ہے ۔