پچھلے ماہ کے دوران غذائی برآمدات 38 فیصد کم، نجم مزاری

پچھلے ماہ کے دوران غذائی برآمدات 38 فیصد کم، نجم مزاری

حجم 3.15ارب ڈالر سے کم ہو کر1.95ارب ڈالر کی سطح پر آ گیا ، ریسرچر آرگینک خوراک ، مصنوعات کے لئے بھی برآمدی پالیسی لائی جائے ، بیان

لاہور (آن لائن)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی غذائی برآمدات میں صرف نومبر کے مہینے میں 38فیصد کمی ہوئی، جس سے اس کا حجم 3.15ارب ڈالر سے کم ہو کر1.95ارب ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے ، موجودہ حالات میں آرگینک خوراک کی برآمدات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس لئے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ گوشت کی برآمدات کے فروغ کیلئے خصوصی برآمدی پالیسی کی طرز پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کے فروغ اور برآمدات کیلئے بھی جامع پالیسی لانے کا اعلان کیا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گوشت کی برآمدی پالیسی نے اس شعبے میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھائے ہیں، اسی ماڈل کو اپناتے ہوئے آرگینک خوراک، سبزیوں، پھلوں، شہد اور دیگر قدرتی مصنوعات کیلئے بھی پالیسی متعارف کرائی جانی چاہیے جس سے برآمدات کے مجموعی حجم میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ آرگینک شعبے کو قومی زرعی پالیسی کا حصہ بنایا جائے تاکہ کسانوں اور زراعت سے جڑے کاروباروں کو معاشی استحکام فراہم کیا جا سکے ۔ آرگینک خوراک،مصنوعات کیلئے ٹیکسزمیں نرمی، آسان رجسٹریشن، سرٹیفکیشن اور مارکیٹنگ سہولتیں فراہم کی جائیں تو نہ صرف مقامی سطح پر صحتمند خوراک کو فروغ ملے گا، بلکہ مستقبل میں برآمدات کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں