غیر ملکی دورے اخراجات: نواز شریف 180 کروڑ کیساتھ سرفہرست

غیر ملکی دورے اخراجات: نواز شریف 180 کروڑ کیساتھ سرفہرست

گیلانی 57 ،راجہ پرویز 10، عباسی 26،عمران نے 4کروڑ خرچ کیے کورونا کیلئے چین 4ملین ڈالر، امریکاسے 2ملین ڈالر ملے ،سینیٹ وقفہ سوالات

اسلام آباد(نامہ نگار) سینیٹ میں سابق وزرائے اعظم کے غیرملکی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات کی تٖفصیل پیش کر دی گئی جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 80کروڑ روپے ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 25کروڑ 95لاکھ روپے ،راجہ پرویز اشرف نے 10کروڑ71لاکھ روپے ،یوسف رضا گیلانی نے 57کروڑ 16لاکھ اوروزیر اعظم عمران خان نے 2018میں 6 غیر ملکی دوروں پر 4کروڑ 56لاکھ خرچ کیے ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2013-17تک اپنے غیرملکی دوروں پر 1ارب 80کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے ۔کورونا ریلیف سرگرمیوں کی مد میں چین سے 4ملین ڈالر، امریکاسے 2ملین ڈالر جبکہ جاپان سے اڑھائی ارب روپے امداد حکومت کو موصول ہوئی ۔ سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت علی محمد خان نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی دوروں پر سابق وزرائے اعظم سے کم اخراجات کیے ۔ پرویز اشرف مختصر مدت کے لیے وزیراعظم رہے لیکن ان کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کروڑوں میں ہیں، نواز شریف بادشاہوں کی طرح اخراجات کرتے رہے ، شاہد خاقان عباسی نے بھی تھوڑے عرصے میں متعدد غیر ملکی دورے کئے اور ان کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا کئے گئے ۔ وزیراعظم عمران خان اور موجودہ وزراء نے اپنے اخراجات میں نمایاں کمی کی ، اس کی مثال وفاقی وزیر مراد سعید ہیں جو کابینہ کے اجلاسوں میں بھی پینے کے لئے پانی اپنے گھر سے لے کر آتے ہیں۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ 2013ء سے 2018ء کے دوران نواز شریف نے لندن کے 18 دورے کئے جن میں سے اکثریت نجی دوروں کی تھی اور ان کے ایک نجی دورے پر چھ کروڑ روپے سے زائد کا خرچ آیا۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ایک گھنٹے کا وقفہ سوالات ہے ، پچاس منٹ وزیر بات کرتا ہے ، یہ حکومت میں ہیں تحقیقات کریں۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 16جولائی تک 257914ہے جن میں سے 178737صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ اس وقت کووڈ مریضوں کے لئے 3567ہسپتال کام کررہے ہیں جن میں 10074پیرا میڈیکل عملہ اور 1142فرنٹ لائن ڈاکٹرز موجود ہیں ۔ 204958این 95ماسکس اور 4197وینٹی لیٹرز موجود ہیں ۔ ہم این 95 ماسک ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں تحریری جواب میں وزارت صحت نے بتایا کہ پاکستان میں 2020کے پہلے دو ماہ میں 35 وائلڈ پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ۔ سینیٹر سراج الحق کے سوا ل جواب میں بتایاگیا کہ کورونا ریلیف سرگرمیوں کی مد میں چین سے 4ملین ڈالر، امریکاسے 2ملین ڈالر جبکہ جاپان سے اڑھائی ارب روپے امداد حکومت کو موصول ہوئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں