منی چینجرز سے ڈالرخریدکر اکائونٹس میں رکھنے پرپابندی

منی چینجرز سے ڈالرخریدکر اکائونٹس میں رکھنے پرپابندی

پرسنل اکائونٹس میں2016میں 4.95ارب ،اب 7.19 ارب ڈالر ہیں قومی بچت کے کھاتوں کی بھی جانچ کافیصلہ،رقم اور منافع سے متعلق تحقیقات

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ نے روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کے رجحان کو روکنے کیلئے ایکسچینج کمپنیوں اور منی چینجرز سے ڈالر خرید کر انفرادی فارن کرنسی اکائونٹس میں جمع کروانے پر پابندی عائد کردی۔ اس ضمن میں وزارت خزانہ نے جمعہ کو فارن کرنسی اکائونٹس رولز 2020 جاری کرد ئیے ۔ سال 2016 میں نجی بینکوں میں انفرادی اور کاروباری فارن کرنسی اکائونٹس میں جمع شدہ زرمبادلہ کی مالیت 4 ارب 95 کروڑ ڈالر تھی جو یکم اکتوبر 2020 تک 7 ارب 19 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق یہ زرمبادلہ منی چینجرز اور ایکسچینج کمپنیوں سے خرید کر فارن کرنسی اکائونٹس میں جمع کروایا گیا جس سے ڈالر کی مانگ بڑھ گئی اور روپے کی قدر کو شدید نقصان پہنچا۔ادھرحکومت نے قومی بچت (نیشنل سیونگ) کے کھاتوں کی چیکنگ کا فیصلہ کرلیا، حکومت کی طرف سے نیشنل سیونگ میں منی لانڈرنگ ڈھونڈنے کیلئے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہر کھاتے کو جانچا جائے گا کہ بائیو میٹرک رقم کہاں سے آئی، منافع کہاں گیا، قومی بچت اکاؤنٹ ہولڈرز کی رسک اسیسمنٹ کی جائے گی ،کھاتے اداروں کی مکمل تصدیق اور منافع کے اصل حق دار کی جانچ پڑتال بھی ہوگی، دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے خطرناک قرار د ئیے جانے والے ممالک کی حکومتوں، کمپنیوں اور افراد سے معاشی تعلقات رکھنے اور لین دین پر پابندی عائد کردی ۔ ہائی رسک ممالک میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کوریا اور ایران اہم ترین ممالک ہیں۔ تمام کھاتے داروں کیلئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مشکوک ٹرانزیکشن نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں