کورونا:ڈاکٹرسمیت مزید13جاں بحق،641 نئے مریض

ڈاکٹرعثمان جناح ہسپتال کراچی میں ای این ٹی شعبہ کے سابق سربراہ تھے اسلام آبادمیں ایک مریض جاں بحق،2 کیسزرپورٹ ہونے پرگرلز کالج سیل
اسلام آباد،لاہور(ہیلتھ رپورٹر،اے پی پی،آئی این پی)ملک میں کورونا وائرس سے ڈاکٹر سمیت مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 641 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 452 ہوچکی ہے جن میں سے 3 لاکھ 6 ہزار 640 صحت یاب ہوچکے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 174 ہے ۔ ان مریضوں میں سے 833 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 78 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوگیا جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی۔ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن ون میں کورونا کے 2 مثبت کیسز رپورٹ ہونے پر لڑکیوں کا کالج بند کردیا گیا۔ پنجاب میں مزید 5 ہلاکتوں کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 2288 ہوچکی ہے ۔ دوسری جانب جناح ہسپتال کراچی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ہسپتال کے شعبہ ای این ٹی کے سابق سربراہ ڈاکٹر عثمان وائرس کے باعث انتقال کرگئے ۔ ڈاکٹر عثمان ایک سال قبل جناح ہسپتال سے ریٹائر ہوئے تھے ۔