کورونا:20افراد جا ں بحق 1502 نئے مریض
پاکستان میں کورونا کا پھیلائو تیزی سے جاری ہے ، 24 گھنٹے میں ایک ہزار 502نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ دانشور اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما حیدر عباس گردیزی سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے
اسلام آباد،لاہور،کراچی(سیاسی رپورٹر،سٹی رپورٹر،نیوزایجنسیاں) کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ نے سختی شروع کردی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 753 ہوگئی جن میں 3 لاکھ 17 ہزار 898 صحت یاب ہو چکے ہیں، اب تک 6943 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 890 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، لاہور میں کورونا سے 5 جبکہ پنجاب میں 9 افراد جاں بحق ہوئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں مزید 620 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 12مریض انتقال کر گئے ہیں۔ دریں اثنا شاعر و ادیب حسن رضا گردیزی کے بیٹے پی پی رہنما حیدر عباس گردیزی کو ملتان میں سپرد خاک کردیا گیا، ان کی عمر 72 برس تھی، حیدرعباس گردیزی پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن اور سٹڈی سرکل جنوبی پنجاب کے انچارج تھے ، بے نظیر بھٹو 1986 میں جلاوطنی کے بعد پاکستان آئیں تو ملتان میں ان کی میزبانی حیدر عباس گردیزی نے کی تھی۔ ادھر کورونا کے مثبت کیسز سامنے آنے پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو 14 روز کیلئے بند کردیا گیا، یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران تمام اکیڈمک سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جائیں گی، نمل کے 5 اور فاسٹ یونیورسٹی کا ایک شعبہ کورونا کے مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد بند کیا گیا ہے ، نمل کے ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں 2، شعبہ کمپیوٹر سائنسز میں ایک، بی ایس انٹر نیشنل ریلیشنز میں ایک، بی ایس انگلش میں ایک، بی بی اے میں ایک جبکہ پبلی کیشنز آفس میں ایک کیس سامنے آیا ہے ۔ لاہور میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 5 طلبہ کورونا کا شکار ہوگئے ، پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں کل پیر سے آدھے سٹاف کو چھٹیاں دینے کا اعلان کردیا، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے پرائمری سکول کو دو بچوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد سیل کردیا گیا، کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 شادی ہال، ایک دکان اوردو ہوٹلز سیل کردئیے گئے جبکہ26 دکانداروں کو ماسک نہ پہننے پر 13 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، سندھ حکومت شام 6 بجے تک مارکیٹیں اور بازار بند کرانے پر غور کر رہی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بندشوں کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کردی۔