نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کی طرف پہلا قدم ،ایل ڈی اے نے 4ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنیکی منظوری دیدی
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے تقریبا ً 10ارب روپے کی لاگت سے ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے دی
لاہور(اکنامک رپورٹر)تمام ایسے شہری جنہیں نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور بینک مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کریں گے اپارٹمنٹس خریدنے کے اہل ہوں گے ۔ یہ اپارٹمنٹ موضع ہلوکی میں 563کنال اراضی پر ایک سال میں تعمیر کئے جائیں گے ۔چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور ہر بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ یہاں متعدد مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا ساتواں اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکا کوایجنڈا کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے مختص کی جانے والی ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر سڑکیں ، واٹر سپلائی و سیوریج سسٹم ، فٹ پاتھ ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لئے تقریباً20ارب روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے فنانشل کنسلٹنٹ اسلم ملک اینڈ کمپنی کی طرف سے ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے پیش کئے جانے والے فنانشل ماڈل کی بھی منظوری دی گئی اور اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی قومی بینکوں کی طرف سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کو صرف 10فیصد ڈائون پیمنٹ کرنا ہوگی جبکہ 80فیصد لاگت بینکوں کی طرف سے ایسکرو(ESCRO) کے اکائونٹ میں منتقل کی جائے گی۔گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا ، قصور سے ملک مختار احمد ، شیخوپورہ سے عمرآفتاب ڈھلوں ، ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود،میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور ہائوسنگ، بلدیات ، فنانس ،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی۔