لاہورمیں کورونامریض اچانک5فیصدبڑھنے کاانکشاف
384مریض زیرعلاج،آئی سی یوبیڈزپرمریضوں کی شرح555.60فیصد ، وینٹی لیٹرپر17مریض،وائرس کے خطرات کم نہیں ہوئے :پروفیسرمحمود
لاہور(بلال چودھری)لاہور شہر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اچانک 5 فیصد اضافے کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شہر کے ہسپتالوں میں آئی سی یو بیڈز پر موجود مویضوں کی شرح 50 فیصد سے بڑھ کر 55.60 فیصد تک پہنچ گئی، ایچ ڈی یو بیڈز پر موجود مریضوں کی شرح 26.90 فیصد تک ہوگئی۔ لاہور کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 384 مریض زیرِ علاج ہیں، کورونا سے شدید متاثر 17 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، 262 مریض آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں 273 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں۔ نجی ہسپتالوں میں کورونا کے 111 مریض زیرِ علاج ہیں۔ میو ہسپتال میں سب سے زیادہ 135 مریض زیر علاج ہیں، میو ہسپتال میں 52 مریض آئی سی یو اور 9 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ سروسز ہسپتال میں 53 اور جناح ہسپتال میں 32 مریض زیرِ علاج ہیں۔ چیئرمین کورونا ایکسپرٹ ایڈوائرزی گروپ پروفیسر محمود شوکت نے کہا کورونا وائرس کے خطرات تاحال کم نہیں ہوئے ، ویکسین کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی لازمی کیا جانا چاہیے ۔