ناراض ایم پی اے خرم لغاری کی وزیر اعظم سے ملاقات
مسائل سے آگاہ کیا، عمران خان کی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پختونخوا محمود خان اور عاطف خان کی بھی صلح کرادی
اسلام آباد(سیاسی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین اور ناراض ممبر صوبائی اسمبلی خرم سہیل خان لغاری نے ملاقات کی۔ ایم پی اے خرم لغاری نے وزیر اعظم کو اپنے حلقے سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ ایم پی اے خرم لغاری گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپنے اختلافات کا برملا اظہار کر چکے ہیں اور تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب میں پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کا دعویٰ بھی کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلٰی محمود خان اور عاطف خان کی بھی صلح کرادی ۔ ذرائع کے مطابق محمود خان اور عاطف خان مل کر کام کرنے کوبھی تیار ہوگئے ،اختلافات ختم کرانے میں گورنر شاہ فرمان اور گورنر عمران اسماعیل نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آپ دونوں کا ورکنگ ریلیشن شپ آئیڈیل ہونا چاہئے ، اختلافات ختم کرکے عوام کی خدمات پر توجہ مرکوز کریں، وزیر اعظم نے کہاکہ مل جل کر کام کرنے کے نتائج زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔