تمام بڑے ہسپتالوں کو کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت

 تمام بڑے ہسپتالوں کو کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت

10بڑے ہسپتالوں کی بکنگ مکمل، کمرشل مارکیٹ میں فروخت پر پابندی ، ویکسین ہسپتالوں کے ذریعے کمرشلائز ، 10ہزار سے زائد میں بکے گی:ذرائع

لاہور(سید سجاد کاظمی سے )ملک کے تمام بڑے رجسٹرڈ ہسپتالوں کو کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت دے دی گئی۔ ڈسٹری بیوٹر کمپنی نے لاہور سمیت ملک کے 10سے زائد بڑے ہسپتالوں کی بکنگ مکمل کرلی ۔ویکسین کمرشل مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈسٹری بیوٹرکمپنی پہلی کھیپ حکومت پاکستان کو65سالہ بزرگ شہریوں کیلئے مارچ2021میں فراہم کرے گی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے ایس آر او 33/(1)2021کے مطابق کوئی بھی ڈرگ ہول سیلررجسٹرڈ کمپنی پاکستان میں6ماہ تک کورونا ویکسین درآمد کرسکتی ہے جس کی کسی کمرشل میڈیکل سٹور پر بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی، پاکستان میں روس کی کورونا ویکسین منگوانے کیلئے علی گوہر اینڈ کمپنی کے روس کی سپوتنک (وی) ویکسین منگوانے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں ، ڈرگ ہول سیلر انڈسٹری علی گوہراینڈ کمپنی پنجاب اور کے پی کے ہیڈ آف سیلز نوید نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں بزرگ شہریوں کے لئے حکومت کو50ہزار ویکسین کی سپلائی دی جائے گی تاکہ ملک کے غریب شہریوں کو ویکسین کا سلسلہ شروع ہوسکے ۔ ڈریپ کے لیٹر کے مطابق ویکسین صرف رجسٹرڈ ہسپتالوں اور ویکسی نیشن سنٹروں کو دی جائے گی،اگر کوئی ہسپتال بکنگ کرواتا ہے تو ہمیں4سے 6ہفتے سپلائی کیلئے درکار ہوں گے ، لاہور سمیت ملک کے 10سے زائد بڑے ہسپتالوں کی بکنگ ہوچکی ہے ۔ ابھی تک پاکستان کے اندر ہمارے علاوہ کوئی اس ویکسین کا ڈسٹری بیوٹر نہیں ہے جو بھی سپلائی ہوگی وہ ہم ہی دیں گے ، ہم ڈریپ کی اجازت کے بغیر کسی ہسپتال یا انسٹیٹیوٹ کو کورونا ویکسین دینے کے مجاز نہیں ہیں اور نہ ہی یہ رجسٹرڈ ہسپتالوں کے علاوہ کہیں لگائی جائے گی۔ ویکسین کومنفی 18 ڈگری پر رکھنا ضروری ہے ،دوسری جانب دنیا ذرائع کے مطابق کورونا ویکسین کیلئے بیشتر بڑے نجی ہسپتالوں نے بکنگ کا آغاز کردیا ہے ، یہ 10ہزار روپے سے زائد میں فروخت کی جائے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ2021میں ہسپتالوں کے ذریعے کورونا ویکسین کو کمرشلائز کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں