الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائیگا، حکومت: ووٹ چوری ثابت ہوگئی، اپوزیشن

الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائیگا، حکومت: ووٹ چوری ثابت ہوگئی، اپوزیشن

انتظامی افسروں کیخلاف کارروائی کے حکم کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، وزیر اعظم نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دیدی ، ووٹ چوری میں ملوث افسروں کو بچارہے ہیں کہ کٹہرے میں آکر انکا نام نہ لیں دیں:مریم،سینیٹ الیکشن چوری نہیں ہونے دینگے :بلاول

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ،صباح نیوز)حکومت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ضمنی الیکشن کو کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دے دی ہے ، انتظامی افسروں کے خلاف کارروائی کیخلاف بھی پٹیشن دائر ہوگی، وزیراعظم سے معاون خصوصی ڈاکٹرفر دوس عاشق اعوان ،علی ظفر ایڈووکیٹ ، پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے ملاقات کی ، حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن میں دوپٹیشنز دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک پٹیشن میں دوبارہ الیکشن کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا جبکہ دوسری پٹیشن میں انتظامی آفیسرز بارے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل کی جائے گی،ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو افسران کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی کا اختیار نہیں ہے ، اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے بھی کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر ے گی جبکہ وزیر اعظم نے لائحہ عمل کی منظوری دیدی ہے ، انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے الیکشن شیڈول کے مطابق عملدرآمد کرنے کی اہلیت رکھتی ہے تاہم بلدیاتی انتخابات کو لین دین کے کلچر سے بچانے کے لئے اوپن بیلٹنگ اور دیگر اصلاحات زیرغور ہیں۔ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے اعلان پر مریم نواز نے کہا کہ اس سے ووٹ چوری ثابت ہوگئی ، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنا ثابت کرتا ہے کہ تم نے چوری کی،ووٹ چوری میں ملوث افسروں کو بچانا ثابت کرتا ہے کہ چوری آپ کے کہنے پر کی گئی،دوبارہ الیکشن سے فرار ثابت کرتا ہے کہ آپ جانتے ہو عوام ضمانتیں ضبط کرائیں گے ،جسٹس وجیہہ الدین نے پی ٹی آئی الیکشن کا پول کھولا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ، الیکشن کمیشن نے چوری پکڑی تو اپیلیں کررہے ہیں، اگرعوام آپ کے ساتھ ہیں تو میدان سے بھاگتے کیوں ہو،دھاندلی کرنے والے اہلکاروں کو تحفظ دینے کو اس لئے بے چین ہو کہ وہ کٹہرے میں آکر تمہارا نام لیں گے ،تمہارا کھیل ختم۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دھاندلی پی ٹی آئی کا وتیرہ بن چکی ہے ، سینیٹ الیکشن چوری نہیں ہونے دیں گے ، آج بھی شفاف انتخابات ہوں تو پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہوگی،بلاول ہاؤس کراچی میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے مہنگائی، غربت اور مخالفین کو نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں