سینیٹ الیکشن:جماعت اسلامی کا غیر حاضر رہنے کا اعلان
اعجاز چودھری،امیرالعظیم ملاقات،پختونخوا میں اپوزیشن کا ساتھ دینگے سندھ اور مرکز میں ووٹ کاسٹ نہیں کرینگے :سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی
لاہور،اسلام آباد(سیاسی نمائندہ، اے پی پی) سینیٹ الیکشن کے لئے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مابین معاملات طے پاگئے ،پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر و نومنتخب سینیٹر اعجاز احمد چودھری اور مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم کے مابین اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں جماعت اسلامی نے سندھ اور مرکز میں ہونے والے سینیٹ انتخاب سے غیرحاضر رہنے کا اعلان کیا۔ نومنتخب سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ امیرالعظیم سے ملاقات نہایت نتیجہ خیز رہی، جماعت اسلامی کی قیادت سے سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی پر مفصل بات چیت ہوئی،انہوں نے کہا کہ پرتپاک خیر مقدم اور الیکشن میں تعاون پر جماعتِ اسلامی کی قیادت کے شکرگزار ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہاکہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں ہمار ے ذمہ داران نے وہاں کی اپوزیشن سے مذاکرات کئے ، جماعت اسلامی نے یہ طے کیا ہے ہم خیبر پختونخوا کی حد تک اپوزیشن کی پارٹیوں کا ساتھ دیں گے ، اسلام آباد اور سندھ میں ہمارے پاس کوئی ایسا راستہ نہیں کہ ہم ووٹ کے تبادلے کو ممکن بناسکیں لہٰذا مرکزی مجلس عاملہ نے یہ طے کیا ہے ان دونوں جگہوں پرہم غیر حاضر رہیں گے ، دریں اثنا محمد علی درانی نے بھی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی۔