موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ لاہورہائیکورٹ میں چیلنج
موٹر وے واقعہ کے مجرموں نے اپنی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر تے ہوئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی ہے
لاہور(کورٹ رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 20 مارچ کو دونوں مجرموں کو مختلف دفعات کے تحت موت، قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی تھی جنہیں ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے ۔ اپیل میں ملزم عابد ملہی اور شفقت بگا نے جواز پیش کیا کہ موٹر وے واقعہ کے مقدمے میں وہ دونوں نامزد نہیں ہیں ۔اپیل میں یہ دلیل بھی دی گئی ہے کہ استغاثہ اور متاثرہ خاتون نے اس بات کوٹرائل عدالت میں تسلیم کیاکہ وقوعہ رات کے وقت کا تھا،جہاں روشنی کا کوئی ذریعہ نہ تھا۔ اپیل میں دعویٰ کیا گیا کہ مدعی اور متاثرہ خاتون نے جو حلیے بتائے وہ مجرموں سے مطابقت نہیں رکھتے ۔دونوں مجرمان کی شناخت پریڈ لاہور ہائیکورٹ کے رولز اینڈ آرڈرز کے مطابق نہیں کی گئی اور شناخت پریڈ 22 دنوں کی تاخیر سے کرائی گئی۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔