کورونا : مزید 84 جاں بحق ، مساجد میں سحروافطار ، اعتکاف ، وضو پر پابندی ، رمضان المبارک میں نماز تراویح کیلئے ہدایات جاری

کورونا : مزید 84 جاں بحق ، مساجد میں سحروافطار ، اعتکاف ، وضو پر پابندی ، رمضان المبارک میں نماز تراویح کیلئے ہدایات جاری

مساجد،امام بارگاہوں میں قالین،دریاں نہ بچھائیں،6فٹ فاصلہ،بچے اوربزرگ گھررہیں:این سی اوسی،وٹرنری یونیورسٹی میں کوروناویکسین کی تیاری کاآغاز ، ڈی جی اینٹی کرپشن،2ججز، بزدارکے پی آراوسمیت4723نئے مریض،کل سے چین کی ایک خوراک والی ویکسین لگائی جائے گی،لاہورمیں وینٹی لیٹرزکی شدیدکمی

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز رپورٹر، ہیلتھ رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،دنیا مانیٹرنگ) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 84 افراد جاں بحق ہوگئے اور 4723 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ این سی او سی نے مساجد میں نماز اور تراویح کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 697 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 82 ہزار 888 ہوگئی ہے تاہم 6 لاکھ 9 ہزار 691 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد 58 ہزار 500 ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس کے 2403 اور لاہورمیں 1237 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ پنجاب بھر میں مزید 38 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج کاشف قیوم، جوڈیشل مجسٹریٹ کاشان محمد علی، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پی آر او رفیع اللہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ سروسز ہسپتال لاہور نرسنگ سکول کی سربراہ نورین وائرس سے انتقال کرگئیں۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں وینٹی لیٹرز ختم ہوگئے ہیں جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوسری جانب این سی او سی نے رمضان المبارک کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جن کے مطابق تراویح کا اہتمام مساجد اور امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے ، شہری سڑکوں، فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کریں، مساجد اور امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہوگی، نمازی حضرات گھر سے وضو کرکے مسجد اور امام بارگاہ آئیں گے جبکہ نمازی وضو کرتے وقت صابن سے 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔ کہا گیا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، نماز فرش پر ادا کی جائے گی اور فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے ، شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں، 50 سال سے زائد العمر افراد اور بچوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہیے جبکہ فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہیے ، نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد، امام بارگاہ آئیں۔ شہری مساجد، امام بارگاہوں میں مجمع لگانے سے گریز کریں، صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے ، نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں متعکفین گھر پر اعتکاف کریں، مساجد، امام بارگاہوں میں سحر و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے ۔ مساجد، امام بارگاہ انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دیں، مساجد، امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو مشروط اجازت دی جا رہی ہے جو ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے ، ایس او پیز پر عدم عملدرآمد اور کیسز بڑھنے پر پالیسی پر نظرثانی ہوگی جبکہ حکومت شدید متاثرہ علاقوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کی مجاز ہے ۔ علاوہ ازیں این سی او سی کے اجلاس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک میں چین کی ایک خوراک والی ‘‘کین سینو’’ ویکسین 5 اپریل سے عوام کو لگائی جائے گی جبکہ یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں کورونا ویکسین کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے ، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کورونا کی تیار کی گئی ویکسین کا 6 ماہ تک جانوروں پر ٹرائل ہوگا۔ ڈائریکٹر پروفیسر طاہر یعقوب نے کہا ویکسین کی تیاری کیلئے پنجاب حکومت سے 6 ماہ کا وقت مانگا ہے ، ویکسین کی تیاری کیلئے یونیورسٹی کے پاس تمام سہولیات ہیں۔ پروفیسر طاہر یعقوب کا کہنا تھا اگر ویکسین کی تیاری میں پیشرفت مثبت رہی تو ایک ماہ بعد اعلان کریں گے ۔ ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ کو بند کردیا جبکہ محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے صوبہ بھر میں آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے سکول پندرہ دن کیلئے بند کرنے کی تجویز دی ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت بلوچستان صوبے میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے پر متفق ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں