ہر شہر میں کچن ٹرک، غریب روٹی کھائیگا تو ملک میں برکت آئیگی : عمران خان

ہر شہر میں کچن ٹرک، غریب روٹی کھائیگا تو ملک میں برکت آئیگی : عمران خان

ملک پربہت قرضے ،ترقی کیلئے رقم کم بچتی ہے ،ہسپتالوں ، موبائل لنگر خانوں کا جال بچھائیں گے :وزیر اعظم،لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں’’کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘پروگرام کا آغاز

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اسلام آباد،لاہور (سیاسی رپورٹر ، سیاسی رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہسپتالوں اور موبائل لنگر خانوں کا جال بچھائیں گے ،کوئی بھی مزدور، محنت کش اور غریب بھوکا نہیں سوئے گا،ہرشہرمیں کچن ٹرک،غریب روٹی کھائیگا تو ملک میں برکت آئیگی،ہرخاندان کی10لاکھ تک ہیلتھ انشورنس کی جائے گی۔فیصل آباد ، پشاور اور لاہو ر میں’’کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دیتا ہوں ،یہ آئیڈیا میں نے آپ کو دیا تھا جس کو آپ نے حقیقت کا روپ دیا ،یہ فوڈ ٹرکس روٹس پر چلیں گے جو زیادہ پسماندہ علاقے ہیں اور جہاں زیادہ غریب اور مستحق افراد ہیں، لاہور ،پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام شروع ہوگیا ، ہم پورے پاکستان میں فوڈٹرکس کاجال بچھا دیں گے اور یہ تمام غریب علاقوں کو جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے پیچھے فلسفہ یہ ہے کہ میں چاہتا تھا کہ ہمارے وزیروں کے اندر یہ احساس ہو کہ ان پر بڑی ذمہ داری غریب طبقے کی خدمت کرنا ہے ۔کمزور اور غریب طبقے کی ذمہ داری لینا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔جب ریاست غریبوں کو کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی تو اللہ کی برکتیں پاکستان پر نازل ہوں گی ،جب اللہ کی برکتیں نازل ہوتی ہیں تو پاکستان چند سالوں میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا۔سیلانی فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا جال بچھا دیں گے ،پہلے لوگ سڑکوں پر سوتے تھے اوراب ان کیلئے پناہ گاہیں بنا دی ہیں ،مزدوروں کی رہائش اور کھانے کی مد میں جو پیسہ بچتا ہے وہ اپنے گھروں کو بھیج سکتے ہیں جن سے ان کا گھر کا ِکچن چلے گا۔ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں ،ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے ، وہ دس لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں علاج کرا سکے گا اور ملک میں ہسپتالوں کا جال بچھائیں گے ،دیہات میں بھی ہسپتال بنائیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہمارے حالات مشکل ہیں ، ملک پربہت قرضے ہیں،عوام کی ترقی کیلئے رقم کم بچتی ہے ،حکومت قانون کی بالادستی کے لئے تاریخی جنگ لڑ رہی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم کی نگرانی میں پورے ملک میں پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھولے جارہے ہیں جن میں کوئی بھی جاسکتا ہے اور وہاں پر مفت کھانا بھی کھاسکتا ہے ۔ایک اکاؤنٹ جاری کریں گے جس میں کوئی بھی پاکستانی شہری کووڈ فنڈ کیلئے ڈونیشن دینا چاہتاہے تو اس اکاؤنٹ میں وہ دے سکتا ہے ۔ادھر وزیراعظم آفس سے ‘‘ احساس کوئی بھوکانہ سوئے پروگرام ’’کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مزید تین شہروں تک وسعت دی جارہی ہے ۔ احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے ذریعے ان مزدوروں ، دیہاڑی داروں اور کم اجرت ورکروں کو مفت کھانا تقسیم کیا جائے گا ۔ فیصل آباد، لاہور اور پشاور میں متعدد ٹرک کِچنز کے ذریعے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت کھانے کی مفت فراہمی کی سروس شروع ہورہی ہے ۔ہر ٹرک مخصوص سروس پوائنٹس پر روزانہ 1500سے 2000افراد کو کھانا تقسیم کرے گا ۔ کھانے کی تیار ی اور فراہمی ٹرک کچن سے ہی ہوگی۔ رواں سال کے آخر تک مرحلہ وار اس پروگرام کو مزید شہروں تک وسعت دی جائے گی۔پنجاب کے دوشہروں لاہور اورفیصل آباد میں \"کوئی بھوکا نہ سوئے \"موبائل لنگر پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ربن کاٹ کر پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اورفوڈ ٹرک کو لاہور کے چارروٹس پر روانہ کیا۔لاہور کے روٹ نمبر ایک ٹھوکر نیا ز بیگ سے داتا دربار تک ملتان چونگی منڈی سٹاپ،یتیم خانہ چوک،چوبرجی،روٹ نمبر دوسرکلر روڈ ریلوے سٹیشن دو موریہ پل،بادامی باغ،آٹو پارٹس مارکیٹ مستی گیٹ،جنرل بس سٹینڈ،سبزی منڈی اورنیازی چوک،روٹ نمبر تین گڑھی شاہو،کوآپ سٹور،شالامار، دروغہ والا اورشادی پورہ جبکہ روٹ نمبر چارلکشمی چوک،میو ہسپتال چوک،شاہ عالم مارکیٹ، دال گراں چوک اوردہلی دروازے میں روزانہ 10ہزار لنچ باکس تقسیم کئے جائیں گے ۔فیصل آباد میں دو ٹرک شہر کے معروف علاقوں میں روزانہ 10ہزار لنچ باکس تقسیم کریں گے ۔ عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو کھانا کھلا نا سنت بھی ہے اورپنجاب کی روایت بھی ہے ۔لاہور میں چار اورفیصل آباد میں دو فوڈ ٹرک عوام بالخصوص مزدوروں،مسافروں اورمحنت کش بھائیوں کو عزت و احترام کے ساتھ دوپہر اوررات کا کھاناپیش کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں انہی مخصوص روٹس پر عوام کو حفظان صحت کے مطابق معیاری اوربہترین افطاری پیش کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں \"کو ئی بھوکا نہ سوئے \" پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا، یہ پروگرام صوبائی محکمہ سماجی بہبود، پاکستان بیت المال اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے شروع کیا جار ہا ہے ۔پروگرام کے تحت پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی دار اور دیگر مستحق افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا، فوڈ ٹرکوں کے ذریعے پشاور کے مختلف علاقوں میں مستحق لوگوں تک کھانا پہنچایا جائے گا۔سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ روزانہ10ہزار خوراکوں کا انتظام کرے گا ،ادھر وزیرِ اعظم عمران خان سے مفتی رحیم مہتمم جامعہ ر حیمیہ کراچی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، رفیع الدین، زبیر موتی، خلیل الرحمن مولا خیل شامل تھے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم کے ریاستِ مدینہ کے ویژن پر تفصیلی گفتگو ہوئی ، وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت قانون کی بالا دستی کیلئے ہر ممکن اقدا مات اٹھا رہی ہے ، کمزور اور طاقتور کیلئے یکساں قانون اور دفاتر میں سزا اور جزا ہی نظام میں بہتری لا سکتا ہے ،وزیر اعظم سے سیلانی ٹرسٹ کے وفد کی بھی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر اعظم نے احساس لنگر خانوں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں سیلانی ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں