وفاقی کابینہ : برآمدات کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کی منظوری، سٹوڈنٹ ویزا فیس میں کمی کا فیصلہ
والٹن میں تجارتی مرکز کا فیصلہ،حق وراثت کے حصول میں سہولت کیلئے سفارتخانوں میں نادرا ڈیسک کی بھی منظوری ، وزیراعظم کو ٹووے ووٹنگ سسٹم مشین پر بریفنگ، منافع خوروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت، محمود خان کی بھی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار،سیاسی رپورٹر، دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں 27نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا رواں مالی سال میں ترسیلات زر کی مد میں اب تک21.5ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں جوکہ 2019-20میں 17.0ارب ڈالر تھے ۔ کابینہ کو سمریوں کی ترسیل و دیگر کارروائی کا تمام عمل ڈیجیٹل کردیا گیا ہے ۔ تمام سمریاں کابینہ ممبران کو آن لائن فراہم کردی جائیں گی۔ اس عمل سے محض کاغذ کی مد میں ہی سالانہ تقریبا ًپچاس کروڑ کی بچت ہوگی۔وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کابینہ کو کوویڈ کی صورتحال پر بریفنگ دی، کابینہ نے کوویڈ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،وفاقی کابینہ کو بتایاگیا کہ 1992-94سے پورٹ چارجز نہیں بڑھائے گئے اس کے باوجود کاروباری برادری کی سہولت کے لئے پورٹ چارجز میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایل این جی کے حوالے سے بھی پورٹ چارجز میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے پورٹ کی علاقے میں موجود تمام کنٹینرزکی نیلامی کرکے ان کو ہٹایا جائے گا،کابینہ نے برآمدات میں اضافے کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ، جبکہ اس کے علاوہ لاہور کے علاقے والٹن میں 318 ایکڑ پر محیط نیا تجارتی مرکز بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جو آئندہ 18 ماہ میں قائم کر دیا جائے گا،روپے کی قدرمستحکم ہورہی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے سیکسیشن سرٹیفکیٹ کیلئے تین، تین سال لگتے تھے ، اب وہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے سیکسیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے ، یہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہت بڑا فیصلہ ہے ،اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سٹوڈنٹ ویزا فیس میں بھی کمی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،اس سال ڈویلپمنٹ پروگرام میں خصوصی اضافہ کیا جارہا ہے ،اسدعمرنے کورونا کے حوالے سے بریفنگ دی کہ سندھ،بلوچستان میں کورونا کی صورتحال بڑھ رہی ہے ،تیسری لہر،دونوں لہرسے زیادہ سنگین ہے ،کابینہ نے ہدایت کی کہ قومی کمیشن برائے خواتین اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرپرسن کی تعیناتی کیلئے اشتہار جاری کرنے کی ہدایت کی، کابینہ نے وزٹ اور ٹوراسٹک کیٹیگری کی مد میں قلیل المدت میڈیکل ویزااور ایکسٹینڈڈ ٹرم میڈیکل ویزاکی کیٹیگری کی فیس کے تعین کرنے کی منظوری دی،جبکہ پاکستان آن لائن ویزاکے حصول کی مد میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو پراسسیسنگ فیس سے مستثنیٰ قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی،کابینہ نے موجودہ چیئرمین سی ڈی اے کے اضافی چارج میں توسیع ، منصور احمد کو سی ای او کراچی ٹولز، ڈائیز اینڈ مولڈز سنٹر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے بابرمعراج شامی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق وراثت کے حصول میں سہولت کاری کے لئے کابینہ نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے 16 بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں نادرا سنٹرز /ڈیسک کے قیام کی منظوری دی۔ اس نظام کو چار ہفتوں میں فعال کر دیا جائے گا ۔ کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں لٹی گینٹس فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کی منظوری بھی دی جس کی ذمہ داری سی ڈی اے کو تفویض کی گئی ہے ،کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گیس کمپنیاں گیس ڈویلپمنٹ سکیم کے علاقے میں واقع ہر گاؤں میں تین سو درخواستوں کو پراسس کریں گی، گیس سکیم کے حوالے سے سوشل ایکشن پلان کی سب کمیٹی کو اختیار ہوگا کہ گیس کمپنیوں کی موجود سیونگز کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی گیس سکیموں کی منظوری دے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے جینکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کی اسامی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز جی ایچ سی ایل کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے عوامی اشتہار کا اجراکیا جائے اور اس دوران موجودہ سی ای او محمد عمران کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی۔ کابینہ نے آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ نئے سی ای او کی تعیناتی تک شاہ جہاں مرزا ، ایم ڈی پی پی آئی بی، اس عہدے پر اضافی چارج کے تحت ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں گے ۔کابینہ نے زائرین مینجمنٹ پالیسی کی منظوری دی ،کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 31مارچ 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ فواد چودھری نے کہا اگرہم دوہفتوں کے اندرصورتحال نیچے نہ لاسکے تومعاملہ بڑھ جائے گا،کورونا ویکسین کی درآمد سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا جن جماعتوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے ان سے اصلاحات پربات کریں گے ۔چینی اورآٹے کی قیمت میں کمی آرہی ہے ،یوٹیلیٹی سٹورزجیسا ادارہ بالکل بیٹھ گیا تھا اب اپنے پاؤں پرکھڑا ہورہا ہے ،کابینہ میں تبدیلیوں کا مرحلہ آخری مراحل میں ہے ،کابینہ میں تبدیلیوں کا اختیاروزیراعظم کا ہے ،وزیراعظم اس حوالے سے جلد فیصلہ کرلیں گے ۔پیپلزپارٹی کا سسٹم میں سٹیک ہے ،استعفے نہیں دے سکتی،مسلم لیگ اورجے یوآئی کوبھی اپنے رویے پرنظرثانی کرنی چاہیے ،مسلم لیگ،جے یوآئی،پیپلزپارٹی نے استعفوں کا شوق پورا کرلیا ،ہم نے ان کواصلاحات کا موقع دیا ہے ،اصلاحات کا پیکیج لیکرآئیں،تینوں جماعتوں سے علیحدہ،علیحدہ بات کرنے کوتیارہیں،پہلے الیکٹرول ریفارمز پھر عدالتی اصلاحات پربات کرنے کوتیارہیں،مولانا فضل الرحمن نے پیپلزپارٹی کو‘‘باپ ’’کوباپ نہ بنانے کا مشورہ دیا،یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے کس کوکس کا باپ بناتے ہیں،پیپلزپارٹی کے لوگوں کوواٹس ایپ گروپ سے بھی فارغ کرنا،بچگانہ سیاست چل رہی ہے ،مولانا اورپی ڈی ایم کا جھگڑا پہلے سے ہی طے تھا،چھوٹے ،چھوٹے مقاصد کے لیے اتحاد زیادہ دیرنہیں چل سکتے ،پی ڈی ایم اتحاد کا ڈرائیورکوئی اورانجن کسی اورکے پاس تھا،حکومت کوگھربھیجنے کا بیانیہ مکمل طورپردفن ہوگیا ۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان المبارک کے پیش نظر اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر غور ہوا، منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا یوٹیلیٹی سٹورز پر 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلودے رہے ہیں ،گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب ہے ۔ اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا ، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے ۔ عمر ایوب نے کہا ہے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے ، غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو،رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے ،رمضان بازاروں میں کورونا وباسے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے ۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں صوبائی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گندم کی صورتحال اور ڈیرہ اسماعیل خان پشاور ایکسپریس وے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر بھی اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹووے ووٹنگ سسٹم مشین کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا،مجوزہ ووٹنگ سسٹم انتخابی عمل کی الیکٹرانک اور پیپر ٹریل دونوں فراہم کرے گا ، وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ مجوزہ ووٹنگ سسٹم کے ذریعے کوریا کے علاوہ متعدد ملکوں میں کامیاب طریقے سے انتخابی عمل کرایا جارہا ہے ،اسکے علاوہ ہیکنگ سے بچاؤ کیلئے سسٹم سکیورٹی سرٹیفیکیشنز کا بھی حامل ہے ۔