نئے کالجز ، یونیورسٹیاں ، ہسپتال سولر پر منتقل کرنے کی منظوری ، کرپشن ناقابل برداشت : بزدار
اربوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی منظوری ،پہلی مرتبہ کاسمیٹکس کے معیار کو ریگو لیٹ کیا جاسکے گا،اجلاس میں فیصلہ
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا او ر متعددبڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب بھر میں نئے کالج، یونیورسٹیاں اور ہسپتال سولر توانائی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، وزیر اعلی ٰ بزدار کا کہنا ہے کہ کرپشن قطعا برداشت نہیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے کالجزاور یونیورسٹیاں وغیرہ سولر انرجی پر منتقل کرنے سے 45فیصد تک بچت ممکن ہوگی۔اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔پہلی مرتبہ کاسمیٹکس کے معیار،تیاری اوردیگر امور کو ریگو لیٹ کیا جاسکے گا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب میں مختلف ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔حافظ آباد میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال 8 ارب روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔ ضلع خوشاب تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ ہوگا۔ضلع فیصل آباد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جڑانوالہ 40 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ضلع بہاولپورآر ایچ سی اوچ شریف کو 60 بیڈ کا ہسپتال بنایا جائے گا۔فیصل آباد کی 8 سڑکوں کیلئے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فنڈز کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں اہل بلوچستان کیلئے خیر سگالی کے تحفے کے طورپر بارکھان اور چاغی میں ڈسپنسریاں بنانے کے منصوبوں کی اصولی منظوری دی ۔حکومت پنجاب کی طرف سے خیر سگالی کے طورپر 4کروڑ روپے سے بلوچستان میں دو ڈسپنسریاں تعمیر کی جائیں گی۔اجلاس میں بتایاگیا کہ تربت میں حکومت پنجاب جنرل ہسپتال بنائے گی۔تربت ہسپتال کیلئے حکومت پنجاب 740ملین خرچ کریگی۔ عثمان بزدار سے چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان سے ملاقات کی۔ملاقات میں ہائر ایجوکیشن ریفارمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چودھری عبدالرحمان نے ہائر ایجوکیشن کودرپیش مسائل پیش کیے ۔ ہائر ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ عثمان بزدار نے نجی سیکٹر کی یونیورسٹیز کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ کورونا سے بچنا ہے تو ماسک پہننا ہوگا۔ بزدار سے صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محتسب آفس کی کارکردگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سرکاری امور میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے ۔ کرپشن، بے ضابطگی اور غفلت قطعا برداشت نہیں۔ احتساب اور نگرانی کا عمل مزید موثر اور بہتر بنایا جائے ۔