حکومت کرفیو طرز پرسخت لاک ڈائون لگائے ‘میڈیکل تنظیمیں

حکومت کرفیو طرز پرسخت لاک ڈائون لگائے ‘میڈیکل تنظیمیں

ہیلتھ کیئر کمیشن سفید ہاتھی ،نجی ٹیچنگ ہسپتالوں کو کورونا کی وباتک نیشنلائز کیا جائے

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )کورونا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر، میڈیکل تنظیموں نے پنجاب حکومت سے کرفیو کی طرز پر سخت لاک ڈائون لگانے کا مطالبہ کردیا، نجی ٹیچنگ ہسپتالوں کو کورونا کی وبا تک نیشنلائز کیا جائے ۔ہیلتھ کیئر کمیشن سفید ہاتھی کا کردار ادا کررہا ہے جونجی ہسپتالوں میں بیڈز مختص کروانے میں ناکام ہے ، حکومت ہیلتھ پروفیشنلز کی طرف توجہ نہیں دے رہی،حکومت ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرے ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکس سٹاف نے سروسز ہسپتال میں مشترکہ پریس کا نفرنس میں یہ مطالبات کئے ۔پریس کانفرنس میں پی ایم اے لاہور کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مدثرنواز اشرفی، سر پرست ڈاکٹر سلمان حسیب، لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن کی صدر رخسانہ ا ور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر تنویر شریک ہوئے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ او لیول میں وفاقی حکومت نے ہٹ دھرمی دکھائی ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر کرفیو کی طرز پر لاک ڈائون لگایا جائے ،حکومت نجی ٹیچنگ ہسپتالوں کو نیشنلائز کرے کیونکہ گلاب دیوی ہسپتال 1500بیڈز کا اور کورونا کے لیے صرف 15بیڈز ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سفید ہاتھی بن گیا ہے جو عوام کے بھلے کی بات نہیں کررہا ۔میڈیکل تنظیموں نے نہ صرف ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی اپیل کی بلکہ ہیلتھ ورکرز کی جلد از جلد ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے ماسک اتار دیئے ہیں مگر ہم ہیں کہ آبادی کے ایک فیصد کو ویکسین نہیں لگا سکے ۔لیڈی ہیلتھ ورکرز ایسوسی ایشن کی صدر رخسانہ انور نے کہا کہ حکومت ورکرز کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کررہی اگر انہیں کسی قسم کامشورہ دیا جاتا ہے تو وہ اسے انا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں۔ماہرین کی رائے ہے کہ اگر گورنمنٹ نے سختی سے عمل درآمد نہ کروایا اور عید سے قبل لاک ڈائون نہ لگایا تو کورونا کی چوتھی لہر کے لیے قوم تیار رہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں