خضدار: بس کھائی میں جاگری، 23 زائرین جاں بحق، 45 زخمی، آزاد کشمیر حادثہ، پی ٹی آئی امیدار سمیت 4 چل بسے

خضدار: بس کھائی میں جاگری، 23 زائرین جاں بحق، 45 زخمی، آزاد کشمیر حادثہ، پی ٹی آئی امیدار سمیت 4 چل بسے

سندھ کے زائرین عرس میں شرکت کے بعد دادو جا رہے تھے ،بہلوک میں حادثہ پیش آگیا، 10زخمیوں کی حالت نازک ، آزادپتن پل کے قریب دو گاڑیاں تصادم کے بعددریائے جہلم میں جاگریں،صغیرچغتائی 2ساتھیوں سمیت بہہ گئے

خضدار ،اسلام آباد(دنیا نیوز،خبرایجنسیاں) خضداراورآزادکشمیر میں دو ٹریفک حادثات میں پی ٹی آئی کے امیدار سمیت 27افراد جاں بحق جب کہ 45 زخمی ہوگئے ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق وڈھ سے دادو جانے والی زائرین کی بس تحصیل کرخ کے علاقے بہلوک کے مقام پرتیزرفتاری کے باعت بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 15 افراد موقع پر ہی دم توڑگئے جب کہ 45سے زائد زخمی ہوئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور لیویز اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، زخمیوں اور لاشوں کو ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا جہاں مزید8زخمی دم توڑ گئے جس سے اموات کی تعداد 23 ہوگئی۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں کا تعلق سندھ کے مختلف علاقوں سے ہے جو وڈھ کے علاقے کاکا ہیر میں پیر عبدالقادر کے عرس میں شرکت کر کے واپس جا رہے تھے کہ جمعرات اورجمعہ کی رات تین بجے کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئے ،بس زائرین سے کچھا کھچ بھری ہوئی تھی اورچھت پربھی لوگ سوار تھے ،10زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،جاں بحق ہونے والوں میں آصف، نظام الدین، اسد علی، حافظ ہاشم، علی مراد، عاطف علی، نثار، جاویدعلی، زین العابدین، عاشق علی، سہیل، جنید احمد، احسان علی، امان اللہ اور عبدالمجید شامل جبکہ ایک شخص کی شناخت نہ ہوسکی ۔ادھرآزادکشمیر میں آزاد پتن پل کے قریب دوگاڑیاں ٹکرا نے کے بعد دریائے جہلم میں جا گریں۔ ڈپٹی کمشنر سدھنوتی کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اورتحریک انصاف کے امیدوار صغیر چغتائی جمعہ کے روز انتخابی مہم کے لئے جا رہے تھے کہ انکی گاڑی دوسری کارسے ٹکراکردریا میں گرگئی، تاحال کوئی لاش مل سکی نہ ہی گاڑی کا سراغ ملا، دوسری کار سے تین افراد نے چھلانگیں لگا کر جانیں بچا لیں جبکہ ایک جاں بحق ہو گیا،انتظامیہ کے مطابق دریا کا بہاؤ بہت تیز اور گہرائی بھی زیادہ ہے ، گاڑی اور لاشوں کی تلاش جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں