سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کرگئے

سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کرگئے

ایک ماہ سے علیل تھے ، دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا 2بار نگران گورنر بلوچستان بنے ،صدر ،وزیر اعظم کی تعزیت

کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں )سابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں 93برس کی عمر میں انتقال کرگئے ،جنہیں بعدازاں کوئٹہ سے بذریعہ ایمبولینس درگاہ کٹبارشریف لایا گیا ، درگاہ کے گدی نشین میاں محی الدین نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی ،انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق میر ہزار خان کھوسو گزشتہ ایک ماہ سے شدید علیل تھے اور کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔میر ہزار خان کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔میر ہزار خان کھوسو 30 ستمبر 1929 کو ضلع صحبت پورکے گوٹھ میراعظم خان کھوسہ میں پیدا ہوئے تھے ،سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے بعد بلوچستان سے وزیر اعظم پاکستان کے منصب پر فائز ہونے والی دوسری شخصیت تھے ، میر ہزار خان کھوسو 2 مرتبہ بلوچستان کے نگران گورنر مقرر ہوئے ، پہلی بار 25 جون 1990 اور دوسری بار 13 مارچ 1991 کو گورنر بنائے گئے ، 24 مارچ 2013 کو چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے ان کو پاکستان کا نگران وزیر اعظم بنائے جانے کا اعلان کیا۔جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نے 1954 میں سندھ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ،اس کے بعد 1956 میں کراچی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔صدر ، وزیر اعظم ، زرداری ، بلاول ، شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں