برطانیہ پلٹ لڑکی کا زیادتی کا الزام‘ میڈیکل اور بیان سے انکار

برطانیہ پلٹ لڑکی کا زیادتی کا الزام‘ میڈیکل اور بیان سے انکار

پولیس نے وحدت کالونی کے فیضان کو گرفتار کیا، لڑکی نے کوائف ہی غلط دئیے لڑکی امان کو ملزم فیضان نشہ سے منع کرتا تھا، نکاح کیلئے رجوع کرلیا:ذرائع

لاہور(خبر نگار سے ،نیوزرپورٹر) وحدت کالونی میں برطانیہ پلٹ لڑکی نے والد کے دوست کے بیٹے پر زیادتی کا الزام لگایا جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے متاثرہ لڑکی کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا، تاہم بعد میں لڑکی نے میڈیکل کرانے اور بیان سے انکار کردیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم فیضان مبینہ زیادتی کاشکار 26 سالہ لڑکی امان کونشہ کرنے سے منع کرتا تھا اور لڑکی نے ملزم فیضان کوسبق سکھانے کے لیے زیادتی کی اطلاع دی جبکہ ملزم کا کہنا ہے کہ وہ باہمی رضا مندی سے ساتھ رہتے رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق لڑکی نے کچہری میں بیان ریکارڈکرانے سے معذرت کرلی اور اندارج مقدمہ کے لیے کوائف بھی غلط جمع کروائے ۔ شناختی کارڈ نمبر اور موبائل غلط دیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی زیادتی کی تصدیق کے لیے میڈیکل بھی نہیں کرواناچاہتی اور قانونی کارروائی کے لیے تھانے بھی نہیں آئی ۔ متاثرہ لڑکی نے کچہری میں ملزم فیضان سے نکاح کے لیے رجوع کرلیا، جبکہ لڑکی کے وکیلوں نے کچہری میں ملزم سے کاغذات پردستخط کروالیے ہیں ۔اس سے قبل پولیس کو شکایت درج کراتے ہوئے لڑکی نے موقف اختیار کیا تھا کہ سوتیلی ماں نے گھر سے نکال دیا تو اس نے والدکے قریبی دوست کے گھر پناہ لے لی ۔ والدکے دوست کے بیٹے فیضان نے جنسی زیادتی کانشانہ بنایا،ملزم فیضان گھر میں تین روز زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں